لاہور(وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ بار کے سیکرٹری آفتاب باجوہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ججز کے ریمارکس کے خلاف جاری کیا جانے والا حکومتی اعلامیہ واضح طور پر توہین عدالت ہے۔اگر خواجہ سعد رفیق،خواجہ آصف ،اسحاق ڈار،،رانا ثناءاللہ سمیت حکومتی وزراءنے عدلیہ مخالف بیان بازی بند نہ کی توسپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی جائیگی۔لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں آفتاب باجوہ نے کہا کہ اگر کسی گلوبٹ نے عدلیہ پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو وکلا سیسہ پلائی دیوار بن کر مقابلہ کریں گے۔ نہال ہاشمی کی پیشی کے موقع پر ججز کی جانب سے ریمارکس کے خلاف آنے والا حکومتی اعلامیہ عدلیہ کی توہین ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے عدلیہ پر حملہ کرنا اپنا وطیرہ بنا رکھا ہے وکلاءنے آمروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اگر حکومت باز نہ آئی تو وکلاءحکومتی اقدامات کے خلاف عدلیہ سے رجوع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور ججز کو دھمکانے اور معاشرے میں فساد پرپا کرنے پرنہال ہاشمی کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات کے علاوہ آرٹیکل چھ کی کاروائی ہونی چاہئیے۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہاوس اور وزیر اعلی ہاوس میں بیٹھنے والے گلو بٹ ہی عدلیہ پر حملوں میں ملوث ہیں۔حکومتی اوچھے ہتھکنڈوں کے حوالے سے سپریم کورٹ بار کا اجلاس بلا کر اہم فیصلے کئے جائیں گے۔
سیکرٹری سپریم کورٹ بار
;;;;;ججز ریمارکس پر حکومتی اعلامیہ توہین عدالت ہے: سیکرٹری سپریم کورٹ بار
Jun 03, 2017