جنید جمشید کے ساتھ وائٹل سائن کو شہرت کی بلندیوں پر لیجانے والے گٹارسٹ عامر ذکی انتقال کر گئے

اسلام آباد (آئی این پی) ملک کے بہترین اور معروف گٹارسٹ عامر ذکی 49 برس کی عمر میں دل کے عارضے کے باعث انتقال کر گئے۔ عامر ذکی کچھ عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔ عامر ذکی کی نماز جنازہ آج 3 جون کو ادا کی جائیگی۔ عامر ذکی کا شمار ملک کے بہترین گٹارسٹوں میں ہوتا تھا، وہ 1968 میں سعودی عرب میں پیدا ہوئے، انہوں نے پہلی بار 14 برس کی عمر میں گٹار بجایا۔ انہیں سب سے پہلے نامور موسیقار عالمگیر نے دریافت کیا، تاہم اصل شہرت انہیں جنید جمشید کے ساتھ وائٹل سائن گروپ میں ملی۔ عامر ذکی نے عالمگیر کے ساتھ کئی ممالک کا دورہ کیا، انہیں گٹار بجانے کے منفرد انداز کی وجہ سے شہرت حاصل ہے۔ عامر ذکی نے 1994ءمیں اپنا پہلا البم ریلیز کر دیا۔ انہیں ان کے مشہور گانے میرا پیار کی بے حد مقبولیت پر سانڈ کرافٹ گولڈ ڈسک ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ عامر ذکی کی موت پر علی گل پیر، حمزہ جعفری، فیصل رفیع، اور بلال خان سمیت دیگر موسیقاروں، فنکاروں اور فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
عامر ذکی

ای پیپر دی نیشن