پارلیمنٹ نے امانت، دیانت کی شقیں نکال کر نظریہ پاکستان پر وار کیا: طاہر القادری

Jun 03, 2018

لاہور (صباح نیوز)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ چوروں، ڈاکوئوں، ڈیفالٹرز اور مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے امیدواروں کو تحفظ دینے والی پارلیمنٹ کا غیر آئینی چہرہ عدالت عالیہ نے بے نقاب کیا اس پر لاہور ہائیکورٹ کا معزز بنچ مبارکباد کا مستحق ہے۔ ختم نبوت ؐ کے قانون میں تبدیلی کی واردات اسلامیان پاکستان نے پکڑی اور ایمانداری کا تقاضا کرنیوالی قانونی شقیں ختم کرنے کی واردات لاہور ہائیکورٹ نے پکڑی، اشرافیہ کی حکومت میں ایمان اور مسلمہ انسانی اقدار پر تسلسل سے حملے ہوئے۔ وہ گزشتہ روز ٹیلیفون پر پاکستان عوامی تحریک کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ جب یہ پارلیمانی دہشت گردی ہورہی تھی تو ہم نے اپنااحتجاج ریکارڈ کروایا تھااور قوم کو بتایا تھا کہ کرپٹ اور قاتل ٹولہ امانت، دیانت اور صداقت کو آئین سے نکال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے امانت اور دیانت کا تقاضا کرنے والی قانونی شقیں نکال کر صرف آئین پاکستان کے خلاف قانون سازی نہیں کی بلکہ نظریہ اسلام اور نظریہ پاکستان کی بنیادوں پر بھی وار کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ شفاف انتخابات کیلئے بااختیار الیکشن کمیشن کا وجود ایک بنیادی آئینی تقاضا ہے مگر جس الیکشن کمیشن سے کاغذات نامزدگی کے فارم بنانے کا اختیار بھی چھین لیا جائے وہ الیکشن کمیشن ملک و قوم کو فیئر اینڈ فری الیکشن کا تحفہ کیسے دے سکتا ہے۔ دریں اثناء طاہر القادری آج صبح وطن واپس پہنچیں گے۔ علامہ اقبال ائر پورٹ پر کارکن استقبال کرینگے۔
طاہر القادری

مزیدخبریں