اسلام آباد (این این آئی)تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ریحام خان کب، کہاں، کس سے اور کس کے ذریعے ملیں، ساری کہانی سامنے آ گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ریحام خان کی ملاقاتوں کے سارے ثبوت مل گئے ہیں۔ ریحام خان، مریم نواز ملاقات کا اہتمام احسن اقبال نے کروایا۔ ملاقات کے ناقابل تردید شواہد نے ساری سازش کا پول کھول دیا ہے کہ کتاب کی تصنیف و اشاعت کا سارا تماشہ حقیقی اپوزیشن کو گرانے کے لیے رچایا گیا۔ کتاب کا مقصد پی ٹی آئی کو نقصان پہنچانا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے ریحام خان اور مریم نواز کی ملاقات کرانے کی تردید کردی۔ احسن اقبال نے کہا تحریک انصاف کا من گھڑت اور جھوٹی ای میلز سے اپنا دفاع کرنا شرمناک ہے۔ ریحام خان سے نہ کبھی میں ملا نہ ہی اس کی کسی سے ملاقات کا اہتمام کیا۔ ریحام خان کی عمران خان سے شادی سے پہلے ایک نجی ٹی وی پر ان کو انٹرویو دیا تھا۔ مہربانی کرکے مجھے سابق میاں بیوی کے درمیان معاملے میں نہ گھسیٹا جائے۔
فواد چودھری
ریحام، مریم ملاقات کا اہتمام احسن اقبال نے کرایا، سازش بے نقاب ہوگئی فواد چودھری، پرانے میاں بیوی ‘معاملہ میں نہ گھسیٹا جائے: سابق وزیر داخلہ
Jun 03, 2018