ملتان (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے لیڈز ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستانی کھلاڑیوں کی بیٹنگ بری طرح فلاپ ہونے پر کرکٹ کی دنیا سے وابستہ کھلاڑیوں نے کہا ہے کہ بلے بازوں نے جلد بازی کا مظاہرہ کیا۔ کھلاڑیوں میں کچھ کر گزرنے کا جذبہ نہیں اور خوداعتمادی کا فقدان بھی ہے۔ انتظامیہ‘ بورڈ اور مینجمنٹ کو چاہئے کہ وہ کھلاڑیوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ برین واش کرکے ان کا اعتماد بحال کریں۔ ان خیالات کا اظہار فرازشاہ‘ محمدعماد اور قیصرعباس نے نوائے وقت موبائل فورم میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہار جانے کا خوف ہی پہلی اننگز میں بری طرح کی ناکامی کا سبب بنا۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ غیردانشمندانہ تھا۔ اوپنرز اور مڈل آرڈر بلے باز اپنی تمام تر توجہ کھیل پر مرکوز نہ رکھ سکے۔ محمداسلم اور طاہرالٰہی نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں بہترین کارکردگی اور لیڈز ٹیسٹ میں بری طرح ناکام ہونا ناقص حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ سرفراز کو کپتانی سے ہٹا کر صرف ٹی ٹونٹی میچوں کا کپتان بنایا ۔حمزہ اور رضوان نے کہا کہ کھلاڑیوں کے انتخاب اور چنائو کے لئے میرٹ اور سخت پالیسی کی ضرورت ہے۔ پاکستانی بلے بازوں کی پہلی اننگز میں 174 رنز پر آئوٹ ہونا افسوسناک ہے۔