اسلام آباد(آن لائن) سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ الیکشن سے متعلق غیر یقینی صورتحال پیداہورہی ہے ۔60روز میں الیکشن کرانے میں ناکامی وفاق کے لئے نقصان دہ ہو گی، ملک عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ گزشتہ روز انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ایسے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے بلوچستان درست نہیں۔ بلوچستان کا استعمال آئینی حدود میں ریاست کو کمزور کرے گا۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا عمل بلوچستان میں بیرونی اشارے پر چلنے والوں کیلئے تقویت کا باعث ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن وقت پر نہ ہونے پر صدر کے انتخاب کا شیڈول بھی متاثر ہوگا۔ عدلیہ انتخابی معاملات کے کیسز میں چیف جسٹس کا بیان مدنظر رکھے۔ اس وقت آئین کے تحت صرف سینٹ ہی منتخب نمائندوں کا ایوان ہے۔ انہوں نے انتیس مئی کو لکھے گئے اپنے مطالبے کو دوہراتے ہوئے کہا کہ سینٹ کا اجلاس فوری طور پر بلایا جائے جو پچیس جولائی تک جاری رہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انتخابات بروقت اور شفاف ہوں۔
بروقت، شفاف الیکشن کیلئے سینٹ کا اجلاس فوری بلا کر 25 جولائی تک جاری رکھا جائے: رضا ربانی
Jun 03, 2018