گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) بیروزگاری و غربت کا خاتمہ مخیرشخص نے گائوں کے 25 بیروزگاروں میں موٹرسائیکل رکشہ اور دس بے گھر افراد میں پانچ پانچ مرلہ کے گھر تقسیم کرکے علاقہ میں غربت کے خاتمہ کیلئے سنگ بنیاد رکھ دیا، راہوالی کے نواحی گائوں ٹھٹھہ داد میں چودھری زبیر چیمہ نے گائوں سے بیروزگاری کے خاتمے اور بے گھروں کو گھر دینے کی انوکھی مثال قائم کردی، گائوں کے 25 بیروزگاروں، نابینائوں اور اپاہج افراد کے گھر والوں کو موٹرسائیکل رکشہ دیئے گئے جبکہ بے آسرا دس افراد کو پانچ پانچ مرلہ کے بنے بنائے گھر دیئے گئے۔ مستحقین کو موٹر سائیکل رکشہ اور بے گھر افراد کو گھر دینے کے سلسلہ میں منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے چودھری محمد زبیر چیمہ کا کہنا تھا کہ سب میں نے اﷲ رب العزت کی رضاء اور خوشنودی حاصل کرنے کیلئے کیا ہے۔ تقریب کا انعقاد اس لئے کیا گیا ہے کہ دیگر مخیر حضرات بھی غربائ، مساکین اور مستحقین کے امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور علاقہ سے غربت کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ اس موقع پر چودھری احمد چیمہ آف جنڈیالہ، چودھری منور چیمہ، چوہدری مقبول گجر ، مشتاق بادل و دیگر بھی موجود تھے۔