لاہور(نامہ نگار) شہر کی مختلف سڑکوں پر گزشتہ روز نوجوان موٹر سائیکل پر ون ویلنگ کرتے رہے۔ کینال روڈ ،شاہراہ قائد اعظم ، مین بلیوارڈ گلبرگ، ڈیفنس سمیت دیگرعلاقوں میں اہم شاہراہوں پر موٹرسائیکلوں پر ون ویلنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔سحری کے وقت بھی نوجوان لڑکے ٹولیوں کی صورت میںموٹرسائیکلوں پر ون ویلنگ اور خطرناک کرتب کرتے دکھائی دئیے۔ پولیس اس کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آ رہی ہے جبکہ پولیس کی طرف سے موٹرسائیکلوں پر ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی وجہ سے شہر کی بڑی سڑکوں پر اس خطرناک کھیل میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ون ویلنگ کرنے والے منچلوں کی جانب سے فیملیز سے بدتمیزی اور خواتین سے چھیڑ خانی کرنے کے واقعات بھی بڑھ رہے ہیں ۔جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلی حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔