اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج (پیر) کو ہوگا، اجلاس کے 12 نکاتی ایجنڈے میں متعدد امور شامل ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج، ملک کی داخلی سیکیورٹی، سیاسی و معاشی صورتحال ،گزشتہ عام انتخابات کی سالانہ رپورٹ کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان اسلامی سربراہی کانفرنس سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیں گے، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حج پالیسی اور پلان 2019 کابینہ میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس کے ایجنڈے میں سنگل اکائونٹ پالیسی اور محکموں کے اکائونٹس میں بجٹ رقوم رکھنے کے خلاف پالیسی کی منظوری بھی شامل ہے۔