پاکستان کو صرف ایک شکست پر دوڑ سے باہر قرار دینا بے وقوفی ہوگی، وقار یونس

ناٹنگھم(این این آئی) سابق کپتان وقار یونس نے کہاہے کہ پاکستان کو صرف ایک شکست پر دوڑ سے باہر قرار دینا بے وقوفی ہوگی۔ویسٹ انڈیز سے ابتدائی میچ میں 7 وکٹ کی شکست کے حوالے سے سابق کپتان و کوچ وقار یونس نے کہاکہ ابھی بہت ساری کرکٹ ہونا باقی ہے، اسی لیے پاکستان کو صرف ایک شکست پر دوڑ سے باہر قرار دینا بے وقوفی ہوگی، آپ کو اس کامیابی کا کریڈٹ ویسٹ انڈیز کو دینا ہوگا، جنھوں نے شارٹ بال کا عمدہ استعمال کرتے ہوئے پاکستانی بیٹسمینوں کو قابو کیا، آندرے رسل غیرمعمولی ثابت ہوئے، جنھوں نے اگرچہ 2 وکٹیں لیں مگر باقی بولرز کو بتا دیا کہ کیسے بولنگ کرنا ہے، پاکستان کے پاس اس کا کوئی جواب نہیں تھا، یہ ایسے مواقع ہوتے ہیں جس میں کھلاڑیوں کو وکٹ پر ٹھہر کر مزاحمت کی ضرورت ہوتی ہے۔انھوں نے کہا کہ گرین شرٹس 1992 کا پہلا میچ بھی بْری طرح ہارے تھے مگر پھر کم بیک کرتے ہوئے ٹورنامنٹ جیت لیا،البتہ 27 برس قبل جو ہوا اسی کے تناظر میں ہر چیز کو نہیں دیکھنا چاہیے۔سابق قائد نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ملنے والی ناکامی اعتماد کو کافی نقصان پہنچایا ہے، کھلاڑیوں کو پْرسکون رہنے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر دی نیشن