تتہ پانی(نامہ نگار) لائن آف کنٹرول گوئی سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال شدید گولہ باری، تین خواتین زخمی، متعدد مکانات کو نقصان پہنچا، بجلی لائن کی تاریں کٹ جانے سے بجلی کی ترسیل معطل، عوام گھنٹوں تک گھروں میں محصور رہے، پاک فوج کی بھرپور جوابی کاروائی، تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول گوئی سیکٹر میں پیر کی شب بھارتی افواج نے سیزفائر لائن کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال شدید گولہ باری شروع کر دی، بھارتی افواج نے سویلین آبادی کے علاقے برموچ کو ہیوی ہتھیاروں سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجہ میںتین خواتین سلیمہ بی بی زوجہ شفاعت حسین، زاہدہ کوثر زوجہ محمد نثار، صدف زوجہ کفایت حسین زخمی ہو گئیں، ایک شدید زخمی خاتون کو کوٹلی ہسپتال پہنچایا گیا۔ جبکہ شفاعت حسین، محمد اسحاق، عبدالخالق سمیت متعدد افراد کے مکانوں کو شدید نقصان بھی پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ جبکہ بجلی کی تارین کٹ جانے سے علاقے میں تاریکی چھا گئی، عوام گھنٹوں تک گھروں میں محصور رہے، پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کاروائی کی گئی اور دشمن کی گنیں خاموش ہو گئی۔