ڈاکٹرز، ہیلتھ کیئر سٹاف ہراول دستہ‘ ضروریات پوری کرنا ترجیح ہے: وزیراعظم

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کرونا وائرس کے خلاف نبرد آزما ڈاکٹروں اور ہیلتھ کیئر ورکرز کی ضروریات پوری کرنے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، وزیرِ اعظم کے فوکل پرسن برائے کرونا ڈاکٹر فیصل سلطان اور دیگر سینئر افسر، وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور وزیر صحت خیبر پی کے تیمور سلیم جھگڑا بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کرونا کے خلاف نبردآزما ملکی ڈاکٹروں، پیرامیڈکس اور ہیلتھ کیئر ورکرز کی مختلف ضروریات کو پورا کرنے بشمول بشمول حفاظتی کٹس اور آلات کی فراہمی کے حوالے سے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا تفصیلی طور پر جائزہ لیا گیا۔ خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کرونا کے خلاف نبرد آزما ڈاکٹروں اور ہیلتھ کیئر سٹاف کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی وبا سے قوم کو محفوظ رکھنے میں ڈاکٹر ز اور ہیلتھ کیئر سٹاف ہمارا اول دستہ ہے۔ ڈاکٹروں اور ہیلتھ کیئر سٹاف کی تمام ضروریات پوری کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کوئی کسر روا نہیں رکھی جائے گی۔ اجلا س کو بتایا گیا کہ جہاں ایک طرف ٹیسٹنگ، ٹریکنگ اور کوارنٹین کی موثر حکمت عملی کی بدولت کرونا کے تشخیص اور متاثرہ افراد کی شناخت کے حوالے سے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں وہاں ریسورس منیجمنٹ سسٹم کی بدولت ملک میں کرونا کے لئے مخصوص مراکز، وینٹی لیٹرز و دیگر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے موجود وسائل کا موثر اور بہترین استعمال یقینی بنانے میں بھی خاطر خواہ مدد ملی ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی صوبائی حکومتیں عوام کو ایس او پیز پر عملد رآمد کی ترغیب دینے کے لئے متحرک کردار ادا کریں تاکہ عوام از خود کرونا سے بچاؤ کے لئے تجویز کردہ حفاظتی اقدامات اختیار کریں جس سے نہ صرف صحت کی موجود سہولیات پر کم بوجھ پڑے گا بلکہ وائرس کی موثر روک تھام کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا۔ آن لائن کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے ملاقات کی۔ ملک امین اسلم نے وفاقی دارالحکومت کے قدرتی حسن اور ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے وزارت ماحولیات کی جانب سے شروع کیے جانے والے مختلف منصوبوں پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے وفاقی دارالحکومت کے قدرتی حسن کو محفوظ رکھنے اور ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ناجائز تجاوزات اور قبضہ مافیا کی کارروائیوں کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت میں واقع گرین ایریاز کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ گرین ایریاز کے تحفظ کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات ترجیحی بنیادوں پر اٹھائے جائیں۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...