شہباز شریف بھاگنے کی بجائے قانون کا سامنا کریں: شبلی فراز

Jun 03, 2020

اسلام آباد‘لاہور (وقائع نگار خصوصی ‘نیوز رپورٹر‘نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات سینٹر شبلی فراز نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ نئے پاکستان میں قانون سے کوئی بالا تر نہیں، شہباز شریف قانون سے بھاگنے کے بجائے قانون کا سامنا کریں، لیگی رہنما قانون کے راستے میں رکاوٹیں ڈال کر شریک جرم نہ بنیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہبازشریف رنگے ہاتھوں پکڑے گئے انکی کرپشن زبان زدعام ہے، بمہ اہل وعیال انہوں نے پاکستان کو لوٹا ہے، شہبازشریف نے چودہ سو دنوں کا کورنٹائن بنایا ہوا ہے، یہ تو کہتے تھے کرونا کیخلاف جنگ لڑوں گا۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ یہ ایکسپوز ہو گئے ہیں، شہبازشریف کتنے جرات مند اور دلیر ہیں کرونا نے سب کھول کر رکھ دیا ہے، نیب کے پراسیس کے ساتھ ہمارا کوئی لینا دینا نہیں، شہبازشریف جانیں اور نیب جانے، نیب آزاد ادارہ ہے، ہم نے تو نیب میں ایک نائب قاصد تک بھرتی نہیں کیا، انہوں نے خود ہی بڑے خشوع وخضوع کیساتھ نیب کو بنایا ہے۔ شہباز گل نے کہا ہے کہ جب بھی اداروں کی بربادی، کرپشن کا ذکرہوگا، شریفوں اورحواریوں کا نام سنہری حروف میں لکھا جائے گا، بد انتظامی، اقربا پروری کی جو داستانیں آپ رقم کرکے گئے کفارہ قوم ادا کر رہی ہے، ہم آپ کو بھی بھولنے نہیں دیں گے یہ تو ہوگا، اب برداشت کریں۔ شہبازگل نے کہا کہ کوئی ایک ادارہ جو آپ کے آقائوں نے 3 باریوں میں ٹھیک کیا ہو؟،جب صحت تعلیم خصوصاً وینٹی لیٹرز کا نام لیا کریں تو کم ازکم آئینہ ضرور دیکھ لیا کریں۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف کھیلتے ہیں۔ شہباز شریف مرد نہیں‘ کہاں بھاگ گئے ہیں۔ نواز شریف اور آصف زرداری کی سیاست ختم ہونے جا رہی ہے۔ جھاڑو دنوں طرف پھرے گی۔ شہباز شریف بہادر بنیں ‘ جیل سیاستدان کا سسرال ہوتی ہے۔ بجٹ کے بعد دوسری طرف بھی جھاڑو پھیرے گی۔ میںکسی کی صحت کا دشمن نہیں مگر سچ کے ساتھ کھڑا ہوں۔ پہلی بار شوگر مافیا پر ہاتھ ڈالا گیا۔ شہباز شریف کو پتہ تھا کہ ان کے گھر پر چھاپا پڑنا ہے جبھی وہ گھر سے چلے گئے۔ بزنس مین اور سیاستدان کو پکڑنا آسان نہیں ہوتا۔ معاون خصوصی ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا وی آئی پی ٹرائل جاری ہے بظاہر شوگر مافیا کے خالق تو شہباز شریف ہیں۔ شہباز شریف کی جگہ ہوتا اور بے گناہ ہوتا تو خود نیب کے پاس چلا جاتا کہ میرا ٹرائل کریں۔ مسلم لیگ ن نے ملک کی سیاست میں گند گھولا ہے۔

مزیدخبریں