لاہور‘ کراچی‘ اسلام آباد‘ لندن (نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں ایک دن میں کرونا وائرس کے ریکارڈ 3970 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی تعداد 78290 ہو گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا سے مزید 79 افراد زندگی کی بازی ہارگئے جبکہ گزشتہ 5 دنوں میں ملک بھر میں اموات کی تعداد 361 رہی جس کے بعد ملک بھر میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 1653 تک جا پہنچی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر کرونا کے 27 ہزار 110 مریض صحت یاب ہوگئے، کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ کرونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں تعداد 31 ہزار 86 تک پہنچ گئی۔ کرونا وائرس کی وجہ سے پنجاب میں 27 ہزار 850، خیبرپی کے 10 ہزار 897 ‘بلوچستان 4514، اسلام آباد 2893، گلگت بلتستان 779 اور آزاد کشمیر میں 271 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ کرونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 540 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 503، خیبرپی کے میں 482، اسلام آباد میں 30، گلگت بلتستان میں 11، بلوچستان میں 49 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد کرونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 16 ہزار 548 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر پانچ لاکھ 77 ہزار 974 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ میوہسپتال میں کرونا وائرس کے مزید8 مریض انتقال کر گئے، ہسپتال میں کرونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 119 ہو گئی۔ ڈاکٹر اسد اسلم کاکہنا ہے کہ جاں بحق افراد دیگر امراض میں بھی مبتلا تھے۔ کرونا وائرس کا شکار ہونے والے انچارج سی آئی اے سول لائنز عامر ڈوگر جاں بحق ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ چند روز قبل انچارج سی آئی اے سول لائنز عامر ڈوگر کاکرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس پر ان کو اتفاق ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے اور جاںبحق ہوگئے۔ سندھ اسمبلی کے رکن اور گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رہنما معظم علی عباسی بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے باعث پاکستانی ڈاکٹر نعیم خالد انتقال کر گئے۔ سعودی وزارت صحت نے پاکستانی ڈاکٹر نعیم خالد کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ اور بیان میں کہا کہ ڈاکٹر نعیم خالدکرونا سے لڑتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔ وہ سرجیکل سپیشلسٹ تھے۔ دریں اثناء دنیا میں کرونا کیسز کی تعداد 63لاکھ 66ہزار سے زائد ہوگئی ہے اور تین لاکھ 77ہزار 437 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 29لاکھ 3ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوئے۔ امریکہ میں 24گھنٹوں کے دوران مزید 369اموات ہوئی ہیں اور ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ چھ ہزار سے بڑھ گئی۔ امریکہ میں اٹھارہ لاکھ 59ہزار سے زائد افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ برازیل امریکہ کے بعد 5لاکھ سے زائد کرونا کیسز والا دوسرا ملک بن گیا ہے اور کیسز کی تعداد 5لاکھ 29ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ 30ہزار سے زائد مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔ روس میں 4لاکھ 14ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ چار ہزار 8 سو سے زائد اموات واقع ہوچکی ہیں۔ برطانیہ میں دو لاکھ 76ہزار سے زائد کرونا وائرس کے مریض ہیں اور 39ہزار سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔ برطانیہ میں کرونا ٹیسٹ اینڈ ٹریس سسٹم لاگو کردیا گیا ہے اور کرونا مریضوں سے ملاقات کرنے والوں کو آئسولیٹ کیا جا رہا ہے۔ اٹلی میں کرونا وبا سے مزید 75افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 33ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ دو لاکھ 33 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ فرانس میں کرونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 28ہزار 8سو سے بڑھ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 89ہزار سے زیادہ ہوگئی۔ کرونا سے سپین میں مزید2 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 27ہزار127ہوگئی ہے اور 2لاکھ 86ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔ جرمنی میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 8ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 83ہزار 7سو 65 ہوگئی۔ ترکی میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 4ہزار پانچ سو سے زائد جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 64 ہزار 769ہوگئی۔ جمعیت علماء اسلام کے مقامی رہنما امتیاز گجر‘ ڈی ایس پی سی آئی اے سول لائنز عامر ڈوگر اور سندھ کے وزیر کچی آبادی مرتضیٰ بلوچ سابق ٹیسٹ کرکٹر اور ریاض شیخ کرونا کے باعث انتقال کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں جمعیت علما اسلام کے مقامی رہنما امتیاز قمر کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئے۔ امتیاز قمر کرونا وائرس کے باعث 15 روز سے لاہور کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔ جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے ایک بیان میں امتیاز قمر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ امتیاز قمر کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ دوسری جانب کرونا وائرس کے باعث ڈی ایس پی سی آئی اے سول لائنز عامر ڈوگر جاں بحق ہو گئے ہیں۔ عامر ڈوگر ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔ مرحوم ایک بیٹے اور دو بیٹیوں کے باپ تھے۔ چالیس روز قبل ان کے والد جبکہ تین روز قبل ان کی والدہ بھی اپنے خالق حقیقی سے جا ملی تھیں۔ سی سی پی او لاہور ذوالفقارحمید نے کہا ہے کہ کرونا کے خلاف جنگ میں لاہور پولیس کا ایک اور فرزند فرض کی راہ میں شہید ہوگیا۔ علاوہ ازیں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے مرتضیٰ بلوچ کے کرونا سے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ تھانہ فیروز والہ کی آبادی صابر ٹاؤن (ونڈالہ دیال شاہ) میں باپ بیٹا یکے بعد دیگرے کرونا وائرس سے چل بسے۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ظہیر احمد کا جواں سالہ بیٹا محمد علی کرونا سے ہلاک ہوا اسکی نماز جنازہ گھر کے سامنے ادا کی گئی۔ نماز جنازہ کے بعد اسکا والد ظہیر احمد جو کرونا وائرس کا شکار ہو گیا تھا وہ بھی اسی وجہ سے فوت ہو گیا۔ فیروزوالاہ پولیس نے متوفی کی لاش ٹی ایچ کیو ہسپتال پہنچا دی۔ ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاد بھی کرونا کا شکار ہو گئے۔ ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاد نے بخار ہونے پر اپنا کرونا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آنے پر ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاد نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے بلوچستان عمران زرکون میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ حکومت نے آزاد کشمیر نے سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق رات 12 بجے کے بعد سخت لاک ڈاؤن ختم کر دیا گیا ہے۔ 15 دن کیلئے سمارٹ لاک ڈاؤن کا اطلاق ہو گیا۔ 12 سال سے کم اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد کے بازاروں میں آنے پر پابندی برقرار رہے گی۔ بلاضرورت گھر سے نکلنے والے شہری کو 500 روپے جرمانہ ہو گا۔ڈویژن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 افراد جاں بحق جبکہ مجموعی طور پر 115 افراد میں کرونا کی تشخیص‘ گوجرانوالہ میں 39 ‘ گجرات 56 ‘ حافظ آباد 1 منڈی بہاؤ الدین 2 نارووال 2 اور سیالکوٹ میں 15 افراد میں کرونا کی تشخیص محکمہ صحت کے مطابق گوجرانوالہ ریجن میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار 115 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد گوجرانوالہ ریجن میں کرونا وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد 3897 ہو گئی ہے۔خیبر پی کے اسمبلی کی پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رکن اسمبلی مدیحہ شاہ کرونا کا شکار ہو گئی مدیحہ نثار نے طبیعت خراب ہونے پر ٹیسٹ کیا ٹیسٹ مثبت آنے پر رکن اسمبلی نے خودآئسولیٹ کر دیا۔