قومی اسمبلی کا اجلاس بلاکر اہم امور زیربحث لائے جائیں : شہبازشریف کا سپیکر کو خط

Jun 03, 2020

اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کو خط میں کہا ہے کہ 5 جون 2020 سے ہونے والے اجلاس میں بجٹ سے قبل 5 دن میسر ہیں، ان میں قومی اہمیت کے امور زیرغور لائے جائیں۔شہبازشریف نے اسدقیصر کو خط میں کہا کہ ہر روز قومی اہمیت کا ایک مسئلہ زیرغور لانے کے لئے ایجنڈا ترتیب دیاجائے ،پہلے دن ملک میں کرونا کی صورتحال، پھیلاو اور تدارک کے لئے حکومتی اقدامات زیربحث لائیں،دوسرے روز کراچی میں پی آئی اے کی بدقسمت پرواز کے حادثے پر بحث کرائی جائے ،تیسرے دن چینی سکینڈل کی تحقیقاتی رپورٹ اجلاس میں زیرغور لائی جائے،چوتھے روز ہوائی اڈوں اور پی آئی اے ہوٹلز کی نجکاری کے معاملے پر اجلاس میں بحث کرائیں،پانچویں روز ملک میں ٹڈی دل کے حملے سے پیدا شدہ صورتحال زیربحث لائی جائے۔شہبازشریف نے سپیکر قومی اسمبلی کو خط میں لکھا کہ ایوان کے تقدس اوربامقصد گفتگو کے لئے 120 منٹ اپوزیشن ارکان کو دیں، وزیرحکومت اور کابینہ کی نمائندگی کرتے ہوئے بحث سمیٹے ،اس طرح اپوزیشن ارکان کو عوامی مسائل ایوان میں بلند کرنے اور حکومت کو اپنا جواب دینے کا موقع ملے گا،میری تجویز ہوگی کہ یہ کارروائی صدارتی خطاب پر زیرالتواء بحث کے حصے کے طورپر کرائی جائے ،سپیکر صاحب چاہیں توتحریک التواء کے ذریعے قواعد معطل کرکے بھی یہ بحث کراسکتے ہیں ،شہبازشریف نے سپیکر اسد قیصر کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لئے بھی دعا کی ۔

مزیدخبریں