تہران(نیٹ نیوز) امریکا میں قید ایرانی سائنسدان کو خفیہ راز دینے کے مقدمے سے بری کرتے ہوئے امریکا بدر کردیا گیا ہے جس کے بعد وہ واپس ایران روانہ ہو گئے ہیں۔ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سیروس اسگاری فلائٹ سے ایران واپس آ رہے ہیں، ہم ان کی بیوی اور اہلخانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔سیروس اسگاری ایران کی شریف یونیورسٹی میں پروفیسر تھے اور ان پر الزام تھا کہ انہوں نے کیس ویسٹرن ریزرو یونیورسٹی سے خفیہ تحقیقی راز چرائے اور اس جرم میں ان پر 2016 میں امریکا میں فرد جرم عائد کی گئی تھی، ان دنوں کلیولینڈ سکول امریکی بحریہ کے لیے ایک منصوبے پر کام کر رہی تھی۔ رواں سال دوران قید وہ کرونا کا شکار ہو گئے تھے اور انہیں ملک بدر کرنے سے قبل بحالی کے مرکز میں رکھا گیا تھا۔