مرحوم آصف فرخی اپنی ذات میں ایک کاررواں تھے،بلاول بھٹو زرداری

Jun 03, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے معروف ادیب، نقاد و دانشور آصف فرخی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔اپنے تعزیتی پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مرحوم آصف فرخی اپنی ذات میں ایک کاررواں تھے، ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔انہوں نے ادبی میلوں کے کلچر کے ذریعے پاکستان میں علم دوست ماحول کو نئے سرے سے استوار کیا۔ان کی خدمات سے پاکستان کی آئندہ نسلیں مستفید ہوتی رہیں گی۔دعا ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ دریں اثنائبلاول بھٹونے سپاف کے سابق عہدیدار حضور بخش خاصخیلی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔اپنے تعزیتی بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم حضور بخش خاصخیلی ان جیالوں میں سے تھے جو پارٹی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔وہ پارٹی کی ہر جدوجہد میں ہمیشہ پیش پیش رہے، ان کی خدمات یاد رہیں گی۔بلاول بھٹو زرداری نے جسٹس (ر)شریف حسین بخاری کے انتقال پران کے صاحبزادے سید عمر شریف بخاری سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین کا سایہ سر سے اٹھ جائے تو الفاظ اس دکھ کا احاطہ نہیں کر سکتے، آپ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔دعاگو ہوں، اللہ تعالی مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں درجات اور سوگواروں کو صبر عطا فرمائے۔بلاول بھٹو زرداری نے جسٹس (ر) شریف حسین بخاری کی پارٹی،کشمیر کاز اور ملک کے لیئے خدمات پر انہیں خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

مزیدخبریں