وزیراطلاعات کی کورونا کےبڑھتےکیسزکےپیش نظرقواعد وضوابط پرسختی سےعملدرآمد کی اپیل

Jun 03, 2020 | 19:25

ویب ڈیسک

وزیر اطلاعات شبلی فراز نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کریں ورنہ حکومت لاک ڈاؤن دوبارہ نافذ کرنے پر مجبور ہو جائیگی۔
انہوں نے یہ بات بدھ کے روز اسلام آباد میں ریلوے کے پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اطلاعات نے افسوس ظاہر کیا کہ لوگ پابندیوں میں نرمی کے تناظر میں احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ پابندیوں میں نرمی معاشرے کے نادار طبقوں کو روزی کمانے کے مواقع فراہم کرنے کی غرض سے کی گئی تھی۔ شبلی فراز نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کیلئے ایک نہایت منظم اور مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے ٹڈی دل کے حملے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افریقی ممالک سے ٹڈیوں کے مزید جھنڈ کی آمد کے خطرات ہیں۔ تاہم ہم ٹڈی دل کے حملوں سے نمٹنے کیلئے مربوط کوششوں کو کامیاب بنانے کیلئے ایران اور افریقی ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
وزیراطلاعات نے ملک میں سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما شہبازشریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جائیگی کیونکہ ان کیخلاف واضح ثبوت ہیں۔
فرخ حبیب نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مافیا کو بے نقاب کیا اور بدعنوان عناصر کے ہاتھوں لوٹی ہوئی رقم وصول کر کے غریب لوگوں پر خرچ کی جائیگی۔

مزیدخبریں