وزیراعظم اوروفاقی وزیرشپنگ کمپنیوں میں کارٹیل کو ختم کرائیں،زبیرطفیل 

کراچی(کامرس رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ کے صدر اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدرزبیرطفیل نے شپنگ کمپنیوں کی جانب سے کی جانے والی من مانیوں کے خلاف حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شپنگ کمپنیوں کے قائم کردہ کارٹیل کو ختم کیا جائے۔زبیرطفیل نے کہا کہ شپنگ کمپنیوں نے ایک سال کے دوران کرایوں میں تین بار اضافہ کردیا ہے اورتمام بڑی شپنگ کمپنیوں نے ملکر ایک کارٹیل بنالیا  اورمن مانے طور پر کرایے اتنے زیادہ بڑھا دیئے ہیں جس کی وجہ سے ایکسپورٹرزمن مانگے کرایے ادا کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں اور اسی بناء پر ایکسپورٹ بھی متاثر ہورہی ہیں۔زبیرطفیل نے وزیراعظم عمران خان،وفاقی وزیرپورٹس وشپنگ سیدعلی زیدی اوروزیراعظم کے مشیر برائے میری ٹائم افیئرمحمود مولوی کی وجہ شپنگ کمپنیوں کی جانب سے بڑھائے جانے والے بے جا اور من مانے کرایوں کی جانب دلاتے ہوئے کہا کہ ان بڑی پانچ شپنگ کمپنیوں کو بلا کران سے ایک سال میں تین مرتبہ کرایوں میں اضافے کی وجوہات معلوم کریں ۔انہوں نے کہا کہ آئے دن کمپنیاں کنٹینرز کی مصنوعی قلت پیدا کرکے ایکسپورٹرز کو پریشان کرتی ہیں اور اب بار بار کرائے بڑھا کر تنگ کیا جارہا ہے،پہلے جس کنٹینرز کا کرایہ2 ہزار روپے لیا جاتا تھا اب وہ تین گنا بڑھا کر6ہزار روپے وصول کیا جارہا ہے جبکہ اس اجافے کے اثرات بیرون ممالک بھی  ایکسپورٹرز کو برداشت کرنے پڑتے ہیں ۔یونائٹیڈ بزنس گروپ کے صدرنے کہا کہ شپنگ کمپنیوں کی جانب سے بڑھائے گئے کرایوں کی وجہ سے برآمد ہونے والی مصنوعات کی لاگت میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ بیرون ممالک سے درآمد ہونے والی اشیاء بالخصوص خام مال کی قیمتیں بھی بڑھ رہی ہیں جس کا براہ راست اثر گھریلو اور صنعتی صارفین کو اٹھانا پڑرہا ہے۔انہوں نے وفاقی وزیرپورٹس وشپنگ سیدعلی زیدی کی خصوصی توجہ شپنگ کمپنیوں کی من مانیوں کی جانب دلاتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی ایکسپورٹر ز اور امپورٹرزکارگوہینڈلنگ کے اخراجات میں اضافے سے پریشان تھے کہ اب شپنگ کمپنیاں بھی بے لگام  ہوتی جارہی ہیں،اس لئے حکومت شپنگ کمپنیوں سے بات چیت کرے اوربڑھائے گئے کرایوں کو واپس پرانی سطح پر لانے کے اقدامات کئے جائیں۔زبیرطفیل نے کہا کہ ہم حکومت کے تمام مثبت اقدامات کی حمایت کرتے ہیں اور قومی وپیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی کے مرتکب نہیں ہوئے  اس لئے حکومت ہماری درخواست پر فوری عملدرآمد کرے تاکہ کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ای پیپر دی نیشن