کرا چی (کامرس رپورٹر) ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں ناصر حیات مگوں نے پاکستانی درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کی سہولت کے لئے سنگل نیشنل ونڈو سسٹم کے قیام کے ایف بی آر کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اورایف پی سی سی آئی کی کاوشوں کے نتیجہ خیز ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ نیشنل سنگل ونڈو سسٹم تاجروں کو لائسنس، اجازت ناموںاور دیگر درجنوں دستاویزات سے نجات دلانے میں مدد دے گا اور ساتھ ہی آن لائن رجسٹریشن کے لیے در کاروقت اور فیس کو بھی کم کرے گا۔میاں ناصر حیات مگوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی اور تاجر برادری نے ایف بی آر کے ذریعہ نیشنل سنگل ونڈو کے حصول کے لئے اپنی جدوجہد میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ وہ سینٹرل اسٹینڈنگ کمیٹی برائے کسٹمز ایف پی سی سی آئی اور ایف بی آر کے مشترکہ طور پر نیشنل سنگل ونڈو پر آگاہی پیدا کرنے کے لئے منعقدہ آن لائن سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔سیمینار میں خواجہ شاہ زیب اکرم، سنیئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی ، میاں انجم نثار، سابق صدر ایف پی سی سی آئی ،حنیف لاکھانی،نائب صدر ایف پی سی سی آئی، قربان علی، چیئرمین کیپیٹل آفس ایف پی سی سی آئی، مرزا عبد الرحمن، کوآرڈینیٹر کیپیٹل آفس ایف پی سی سی آئی، محمد علی میاں، کوآرڈینیٹر لاہور آفس ایف پی سی سی آئی، شبیر منشا ء چھرہ ، کنو نیر برا ئے سینٹرل اسٹینڈنگ کمیٹی برا ئے کسٹمز، ایف پی سی سی آئی۔محمد عمران خان مہمند پروجیکٹ ڈائریکٹر، نیشنل سنگل ونڈو ایف بی آر نے سبسکریپشن ماڈیول پر تفصیلی پرزینٹیشن دی اور شرکاء کے سوالات کے جوابات دیئے۔ انہوں نے اس نظام کو انقلابی قرار دیتے ہوئے پاکستان کی تجارتی برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولت دینے کا وعدہ کیا۔میاں ناصر حیات مگوں نے کہاکہ نیشنل سنگل ونڈو کا اصل امتحان اس کی کارکردگی میں ہے کہ درآمدکنندگان اور برآمد کنندگان کے لئے اخراجات میں کمی اور وقت کی بچت کی بنیاد پر اس کی کارکردگی کا فیصلہ کیا جاسکے گا۔ایف بی آر کے نمائندوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وفاقی کابینہ آئندہ ہفتے میں نیشنل سنگل ونڈو سسٹم کے مسودے کو منظوری دیدے گی۔ ایف بی آر اگست / ستمبر 2021 میں نئے نظام کو نافذ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔نیشنل سنگل ونڈو سسٹم میں اندراج کروانے والوں درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کو اندراج کے لیے صرف قو می شنا ختی کارڈ نمبر اور موبائل فون نمبر کی ضرورت ہوگی اور اندراج 24 گھنٹوں میں مکمل ہوجائے گا۔ تاجروں کو اپنے مسائل کے حل کے لئے مختلف حکام کے پاس جانے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ مختلف محکمے ان کے مسائل کو ڈیجیٹل طور پر بروقت حل کرسکیں گے۔سیمینار کے اختتام پر شبیر منشاء چھرہ نے ایف بی آر اور سامعین کی فعال شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مرکزی قائمہ کمیٹی برائے کسٹمز، ایف پی سی سی آئی کے زیر اہتمام آئندہ کے انٹرایکٹو سیشنزکو بھی حکام اور تاجروں کی طرف سے اسی طرح کا پرتپاک استقبال اور نما ئندگی ملے گی۔ایف پی سی سی آئی ۔نیشنل سنگل ونڈو نظام کے موثر اورقابل اعتماد عملد درآمد اور اس کی کامیابی کی توقع رکھتا ہے۔