اسلام آباد (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) ملک بھر میں عالمی وباء کرونا وائرس کے مزید 80 مریض انتقال کر گئے۔ انتقال کرنے والوں کی کل تعداد 20930 تک پہنچ گئی جبکہ کرونا وائرس کے1843نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ کیسز کے مثبت آنے کی شرح 3.90فیصد تک پہنچ گئی۔ کل رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 9 لاکھ 24 ہزار 667 تک پہنچ گئی۔ این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی شرح 2.3فیصد جبکہ صحتیاب ہونے والے مریضوں کی شرح 91.8 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ دنیا بھر میں ہلاکتیں 3575702 ہوگئیں۔ کیسز 17کروڑ 19لاکھ 35ہزار سے تجاوز کر گئے۔کراچی کے ضلع جنوبی میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 11 دکانوں کو سیل جبکہ فیس ماسک استعمال نہ کرنے پر 3 افراد کو جرمانہ کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر گارڈن نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر کارروائی کرتے ہوئے 3 گڈس ٹرانسپورٹ آفس سمیت 4 دکانوں کو سیل کر دیا۔ مختیار کار لیاری نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر لیاری کے علاقے میں 3 پرانسپورٹ آفس پر 30ہزار کے جرمانے عائد کیے اور ایک ریسٹورنٹ سیل کر دیا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں اور امتحانات کے حوالے سے تمام فیصلے متفقہ طور پر کیے گئے اور اسی لیے ہمارے لئے مشکل حالات میں صحیح فیصلے کرنا ممکن ہوا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ تمام فیصلے متفقہ طور پر کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں کے فیصلے متفقہ اور مشترکہ طور پر کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے گزشتہ سال امتحانات کے بغیر بچے پاس کرنے کا تجربہ کیا اور تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم نے پچھلے سال دسمبر میں ایک فیصلہ کیا جس پر ہم آج تک قائم ہیں اور وہ فیصلہ یہ ہے کہ امتحان کے بغیر کوئی گریڈ نہیں ملیں گے۔ ہم نے کچھ فیصلے کیے ہیں اور کچھ تبدیلیاں کی ہیں کہ نویں اور دسویں کے اختیاری مضامین اور حساب کے امتحان لیے جائیں گے اور اس طرح نویں، دسویں کا امتحان چار مضامین میں ہو گا، باقی مضامین میں نہیں ہو گا۔ شفقت محمود نے کہا کہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات صرف اختیاری مضامین کے لیے جائیں گے۔ یہ ہم نے اس لیے بھی سوچا کہ اگر کسی نے ڈاکٹر بننا ہے کہ تو اس نے بائیولوجی لی ہوئی ہے، کسی نے انجینئر بننا ہے تو فزکس اور باقی مضامین لیے ہوئے ہیں، تو طلبا نے جس بھی شعبے میں جانا ہے وہ اس کا امتحان دے دیں اور باقی مضامین کا امتحان نہیں دیں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ امتحان کے بغیر گریڈ نہ دینے کی کئی وجوہات ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ سب سے شفاف ٹیسٹ بیرونی امتحانات کا ہے کیونکہ بصورت دیگر جانبدارانہ رویہ آجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں اکثر طلبا وہ ہیں جو امتحان سے پہلے آخری ڈیڑھ دو مہینے میں پڑھتے ہیں، ہم سب طالبعلم رہے ہیں تو سب کو پتہ ہے کہ امتحان قریب آتا تھا تو پڑھائی شروع ہوتی تھی، اس سے پہلے نہیں ہوتی۔ شفقت محمود نے کہا کہ امتحان نہ لینے کا مطلب یہ ہے کہ جو تھوڑی بہت پڑھائی ہونی بھی تھی، وہ بھی نہیں ہوتی، اس لیے ہم نے کہا کہ امتحان کا ہونا ضروری ہے۔ اس سے پڑھائی کے نقصانات میں کچھ کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ او لیول کے بچوں کے لیے کیمبرج نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ خصوصی امتحان 26 جولائی سے 6 اگست تک لیں گے۔ طلبا کی درست شکایت ہے جس کو ہم تسلیم کرتے ہیں کیونکہ سکول کی بندش کے سبب یکسوئی سے پڑھائی نہیں ہو سکی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امتحانات اب 24 جون کے بجائے 10 جولائی سے ہوں گے جبکہ پہلے انٹر اور پھر میٹرک کے پیپر ہوں گے۔ وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ بورڈ کو پرچوں میں وقفہ رکھنے کا بھی کہا ہے تاکہ بچوں کو تیاری کا مناسب وقت مل سکے۔ فیصل آباد میں کرونا کے مزید 5 مشتبہ مریض جاں بحق ہوگئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 102 کنفرم اور 17 مشتبہ مریض داخل ہونے والوں میں شامل ہیں۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کورونا سے شفا یاب ہوگئے، تازہ ترین دو ٹیسٹ منفی آگئے۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے کورونا سے پوری طرح صحت یاب ہوگیا ، جلد صحت یابی بلاشبہ ویکسین کے باعث ہی ممکن ہوئی، ویکسین واضح طور پر کام کرتی ہے اور بیماری کے خلاف بہترین دفاع ہے۔
10جولائی کے بعد نویں تابرہویں صرف اختیاری مضامین کا امتحان:کرونا سے 80اموات
Jun 03, 2021