لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور انہیں پولیسنگ سے متعلقہ سہولیات کی باآسانی فراہمی پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے اسی لئے مالی سال 2021-22 کے تمام ترقیاتی فنڈز کو تھانہ ورکنگ میں بہتری، تعمیر و ترقی کے پراجیکٹس او ر جدید سہولیات کی فراہمی پر صرف کیا جائے تاکہ شہریوں کے مسائل کے ازالے کا عمل فاسٹ ٹریک ہونے سے عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد سازی کی فضا بہتر سے بہتر ہو۔ محکمہ پولیس میں پولیس سٹیشن کوبنیادی اکائی کی حیثیت حاصل ہے اور اس بنیادی اکائی کی ورکنگ اور وقار کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کا سلسلہ جاری رہیگا۔ تھانوں میں وسائل اور سہولیات کی فراہمی کیساتھ ساتھ پولیس رویوں میں شائستگی بھی وقت کی اہم ضرورت ہے چنانچہ پولیس افسران و اہلکار دوران ڈیوٹی شہریوں کیساتھ خوش اخلاقی اور مددگار فورس کا رویہ اپنائیں جبکہ صوبہ کے کسی بھی تھانے، پولیس دفتر یا فیلڈ میں شہریوں سے ناروا سلوک کا واقعہ سامنے آیا تو ذمہ داران کو فیلڈ میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہوگا۔ میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق افسران واہلکاروں کی محکمانہ پروموشن ہر افسر و اہلکار کا بنیادی حق ہے لہٰذاتمام اضلاع میں محکمانہ پروموشن بورڈ ز کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں۔