لاہور (نیوز رپورٹر+خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے کی ڈسٹرکٹ و تحصیل بار ایسوسی ایشنز کو گرانٹ ان ایڈکے چیک دیئے۔ 51 بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران کو مجموعی طور پر 8 کروڑ 50 لاکھ روپے کے گرانٹ ان ایڈ کے چیک دیئے۔ بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے گرانٹ ان ایڈ کے چیک دینے پر وزیراعلی کا شکریہ ادا کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت وکلاء برادری کو اپنا دست و بازو سمجھتی ہے۔ مشکلات کے باوجود کرونا سے متاثرہ وکلاء برادری کی بھرپور مالی امداد کی۔ اس مقصد کے لئے حکومت نے 10 کروڑ روپے فراہم کئے۔ بارایسوسی ایشنز کے لئے 25 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ وکلاء برادری کی فلاح وبہبود کیلئے مزید اقدامات‘ ہیلتھ کارڈ دیئے جائیں گے۔ عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سرگودھا، تحصیل بار ایسوسی ایشنز بھلوال، کوٹ مومن، ساہیوال، شاہ پور اور سلانوالی کے عہدیداران کو چیک دیئے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار سے ایم این اے چودھری مونس الہی کی قیادت میں مسلم لیگ ق کے وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ ق لیگ کے وفد میں ایم این اے سالک حسین، صوبائی وزراء عمار یاسر اور محمد رضوان شامل تھے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی۔ مسلم لیگ ق ہماری اتحادی ہے اور اتحادیوں کے ساتھ تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں۔ اتحادی جماعت سے بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے۔اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ فیصلہ سازی کے عمل میں مسلم لیگ (ق) کو شریک کیا گیا ہے۔ جلد گجرات، منڈی بہاؤالدین، چکوال اورسیالکوٹ کا بھی دورہ کرو ں گا۔ چودھری مونس الہی نے کہا کہ عوام کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مل کر کام جاری رکھیں گے۔ ملکر عوامی خدمت کرتے رہیں گے۔ ہمارا نصب العین صرف عوام کی خدمت ہے۔ وزیراعلیٰ سے چیف وہیپ قومی اسمبلی ایم این اے ملک محمد عامر ڈوگر نے ملاقات کی اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھنے اور ملتان ڈویلپمنٹ پیکیج پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ آئندہ مالی سال سے جنوبی پنجاب کیلئے علیحدہ سالانہ ترقیاتی پر وگرام ترتیب دیا جائے گا۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے فنڈز کو کسی اور مقصد یا کسی اور شہر منتقل نہیں کیا جا سکے گا۔ ملتان کے بعد بہاولپور میں بھی جلد سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھاجائے گا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات افسروں کو مالی اور انتظامی خود مختاری دی ہے۔ جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے ترقی کے راستے کھل چکے ہیں۔ سازشی عناصر تنقید کرتے رہ جائیں گے اور پنجاب آگے بڑھتا جائے گا۔ پسماندہ علاقوں کے عوام کو ہر صورت میں ترقی کا حق لوٹائیں گے۔ وزیراعلیٰ سے ارکان پنجاب اسمبلی عمر آفتاب اور خرم اعجاز چٹھہ نے بھی ملاقات کی۔ عثمان بزدارنے منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہو ئے کہا کہ میرے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں - عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں۔ صوبے میں گورننس کا ماڈل بدل دیا ہے۔ ماضی میں ون مین شو تھا اب فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے آج صوبائی کابینہ کا ا جلاس طلب کر لیا ہے۔
عثمان بزدار