چین نےصوبےسچوان کے زیچانگ سیٹلائٹ لانچنگ سنٹر سے اپنا ایک نیا موسمیاتی مصنوعی سیارہ مدار میں بھیج دیا ہے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق لانچنگ سنٹر کی حکام نے بتایا ہے کہ اس نے فینگیون 4 بی (ایف وائی 4B) سیٹلائٹ کو لانگ مارچ 3 بی راکٹ کے ذریعے سے مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی صبح 12:17 بجےلانچ کیا ہے اوریہ لانگ مارچ راکٹ سیریز کا 372 واں پرواز مشن تھا۔ حکام کا کہنا تھا کہ مدار میں چین کے نئے موسمیاتی مصنوعی سیارہ 4-B موسمی تجزیہ اور پیش گوئی ، ماحولیاتی اور تباہی کی نگرانی کے شعبوں میں استعمال ہوگا۔یہ مصنوعی سیارہ اور راکٹ بالترتیب شنگھائی اکیڈمی آف اسپیس فلائٹ ٹکنالوجی اور چین اکیڈمی آف لانچ وہیکل ٹکنالوجی نے تیار کیا ہے۔ دونوں کا تعلق چائنا ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کارپوریشن سے ہے۔ سیٹلائٹ پروجیکٹ کے نائب چیف ڈیزائنر جانگ ژیقنگ کا کہنا تھا کہ 4B سیارہ مشاہدہ کرنے کی بہتر صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ تصویر کی تشکیل اورنیٹ ورک کی کارکردگی کو بڑھا سکتا ہے۔نیا مصنوعی سیارہ پیش گوئی کرنے والوں کو شدید موسم کی حرکیات کو زیادہ لچکدار طریقے سے مشاہدہ کرنے میں مدد فراہم کرے گا جس سے کم وقتی موسلادھار بارش اور گرج چمک کے ساتھ مضبوط محرک موسم کی نشاندہی کرنا بھی آسان ہوجائے گا ۔