نیو یارک (نیٹ نیوز) اقوام متحدہ نے ترکی کا نام بدل کر ترکیہ کرنے کی توثیق کر دی ہے۔ اس تبدیلی کی درخواست ترک حکومت کی جانب سے کی گئی تھی۔ اقوام متحدہ کے ترجمان نے بتایا کہ یکم جون کو ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو کی جانب سے ایک مراسلہ جنرل سیکرٹری کے حوالے کیا گیا تھا۔ اس مراسلے میں درخواست کی گئی تھی کہ عالمی ادارے کی جانب سے تمام امور کیلئے ترکی کی بجائے ترکیہ نام استعمال کیا جائے۔ ترجمان نے کہا کہ اس مراسلے کے ساتھ ہی ملک کے نام میں تبدیلی کی توثیق ہو گئی تھی۔ ترک خبر رساں ادارے کے مطابق اگر گوگل پر ترکی سرچ کیا جائے تو ملک کے ساتھ ساتھ شمالی امریکا کے ایک پرندے ٹرکی کی تصاویر بھی سامنے آ جاتی ہیں جس کو تھینکس گیونگ یا کرسمس جیسے تہواروں میں کھایا جاتا ہے۔