اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) الیکشن کمشن نے پنجاب اسمبلی کی 3 خواتین اور 2 اقلیتوں پر مشتمل 5 مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ سنا دیا۔ الیکشن کمشن ضمنی الیکشن کے نتائج کے بعد خالی مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن جاری کر ے گا۔ 5 مخصوص نشستوں سے متعلق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سر براہی میں پانچ رکنی بینچ نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ الیکشن کمشن نے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے وکلاء کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ الیکشن کمشن نے پنجاب اسمبلی کی پانچ مخصوص نشستوں پر ارکان نوٹی فائی کرنے کی پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی جبکہ مسلم لیگ ن کی پارٹی نشستوں کے مطابق مخصوص نشستیں تقسیم کرنے کی درخواست بھی مسترد کردی گئی۔ تحریک انصاف نے مخصوص نشستوں پر فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی فرخ حبیب نے کہا کہ الیکشن کمشن کا فیصلہ آئین کے آرٹیکل 224 (6) کے کھلے عام خلاف ہے۔
پنجاب اسمبلی کی5 مخصوص نشستوںپر نوٹیفیکشن ضمنی انتخابات کے بعد جاری ہوگا : الیکشن کمشن
Jun 03, 2022