اسلام آباد+لاہور (نامہ نگار+خصوصی نامہ نگار) فضل الرحما ن نے کہا ہے کہ شکست خوردہ نیازی مایوسی کے عالم میں قوم کو اجتماعی خود کشی کی ترغیب دے رہا ہے۔ قومی سلامتی بارے عمران نیازی کا غیر ذمہ دارانہ بیان پوری قوم کی تذلیل ہے۔ عمران خان کے بیان پر رد عمل میں فضل الرحمن نے کہا کہ پاکستان کی سلا متی اور قومی وحدت کا تحفظ صرف ریاست نہیں بلکہ پوری قوم کی یکساں ذمہ داری ہے، یہ بہادر قوم عمران نیازی سے پوچھے گی کہ ملکی سلامتی بارے ان کے مایوس کن خیالات کس کا ایجنڈا ہیں۔ عمران نیازی کا ملک کے تین ٹکڑے اور ایٹمی اثاثوں بارے بیان دراصل عالمی قوتوں کے عزائم کی نمائندگی ہے، مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ شکست خوردہ نیازی مایوسی کے عالم میں قوم کو اجتماعی خود کشی کی ترغیب دے رہا ہے۔ عمران نیازی قوم کے حوصلے توڑ کے شکست سے قبل انہیں شکست کے احساس میں مبتلا کرنا چاہتا ہے۔ ہم نے پہلے ہی قوم کو بتا دیا تھا، عمران کو ملکی معیشت تباہ کرنے کے لئے عالمی یہودی لابی اقتدار میں لائی۔ محب وطن قوتیں ملکی سلامتی کے خلاف اٹھنے والے ہاتھ کاٹ ڈالیں گے۔اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے فضل الرحمن سے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔