ٹکڑے ہونے کی بات کیسی سیاست ، ملک کیخلاف سازش ہوئی توجیل میں گھماؤں گا : حمزہ 

Jun 03, 2022

لاہور (نیوز رپورٹر)  وزیراعلیٰ  حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے دھرنے پر کان نہ دھرنے پر قوم کو سلیوٹ پیش کرتا ہوں۔ قوم آئندہ بھی ان کی کال پر کان نہیں دھرے گی۔ خون خرابے کی قعطاً اجاز ت نہیں، سوچ سمجھ کر دھرنوں کی سیاست کریں۔ آئین اور قانون کی بالادستی اور امن کیلئے جیل بھی بھیجنا پڑا تو بھیجیں گے۔ سازشیں گھوم رہی ہیں۔ اگر ملک و قوم کے خلاف سازش ہوئی تو جیل میں گھماؤں گا۔ گوجرانوالہ میں میڈیکل کالج کے وزٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو  میں  وزیراعلیٰ شہباز نے کہا کہ مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کی ذمہ دار عمران نیازی کی حکومت ہے۔ فارن فنڈنگ کیس میں ٹی بوائز کے نام پر کیا کیا گیا۔ فرح گوگی نے کرپشن کی مثالیں قائم کیں۔ 72 سال میں جتنے قرضے لئے گئے نیازی حکومت نے 4 سال میں اس کے 80 فیصد قرضے حاصل کئے۔ ریکارڈ قرضے لینے پر قوم عمران خان  سے پوچھے گی۔ خدانخواستہ ملک کے 3 ٹکڑے ہونے کی بات کرنے والے کس قسم کی سیاست کر رہے ہیں۔ اپنی انا کیلئے اس طرح کی زبان استعمال کرنے والے کو قوم پہچان چکی ہے۔ ہر دور کے دوست ممالک کو بھی عمران نیازی نے ناراض کر دیا۔ جلسوں میں یورپی یونین کو للکارنا کون سی سیاست ہے۔ ترک کمپنی کے لوگوں کو گرفتار کرکے مشینری قبضے میں لے کر انہیں ناراض کر دیا۔ آتے ہی کہہ دیا سی پیک میں کرپشن ہوئی اور چین بھی ناراض ہو گیا۔ عمران نیازی بارودی سرنگیں بچھا کر چلا گیا، ہمیں صفائی میں کچھ وقت لگے گا۔ سیاسی لانگ مارچ ہوتے ہیں ہونے چاہئیں لیکن ان کے پیچھے انتشار چھپا ہے اور پولیس والے شہید ہو رہے ہوں اور آپ کو اس کی بھی توفیق نہ ہو کہ ان کے گھر جا کر بچوں کے سر پر دست شفقت رکھیں۔ محمد اشرف کیس کو مثال بنائیں گے۔ ہجوم کو عدالت لگا کر انصاف کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور غفلت برتنے والو ں کے خلاف کارروائی ہوگی۔  سیالکوٹ میں ایسا واقعہ ہوا، پھر گوجرانوالہ میں ایسا واقعہ پیش آنا من حیث القوم ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ ہمیں برداشت، رواداری اور اخلاقیات کو پرکھنے کا موقع دینا ہوگا۔  مسلم لیگ (ن) نے گوجرانوالہ میں میڈیکل کالج قائم کیا۔ 405 بیڈ کا ٹیچنگ ہسپتال چند ماہ میں فنکشنل کر دیا جائے گا۔ موٹر وے سے گوجرانوالہ کو لنک کرنے کے پراجیکٹ پر کام ہو رہا ہے، جلد خوشخبری دیں گے۔ عالمی مارکیٹ میں گندم کی قیمت 5 ہزار روپے فی من کے لگ بھگ ہے۔ ہم نے 2200 روپے فی من کے حساب سے 40 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدی۔ 10 کلو آٹے پر 160 روپے سبسڈی دے رہے ہیں۔ چینی اور گھی پر بھی خوشخبری دیں گے۔ آٹا سستا کرنے سے عوام کیلئے معاشی آسانیاں پیدا ہوں گی۔  36 اضلاع میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں فنکشنل کر دی ہیں۔ میں بھی اضلاع میں جاؤں گا اور وزراء  بھی جائیں گے۔ حمزہ شہباز گوجرانوالہ میں ہجوم کے تشدد سے جاں بحق ہونے والے نوجوان محمد اشرف کی رہائش گاہ پہنچ گئے اور متوفی محمد اشرف کی والدہ، بیوہ، بچوں اور بھائیوں سے ملاقات کی اور افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے متوفی محمد اشرف کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے غمزدہ خاندان کو دلاسہ دیا اور انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے متوفی محمد اشرف کے بچوں کے سر پر دست شفقت رکھا۔ حمزہ شہباز نے متوفی محمد اشرف کی بیوہ کو 25 لاکھ روپے کی مالی معاونت کا چیک بھی دیا ۔ حمزہ شہباز کو گوجرانوالہ، حافظ آباد روڈ کی دو رویہ تعمیرکے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی آمد پر کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی اور انہوں نے میرا بھائی تیرا بھائی حمزہ بھائی حمزہ بھائی اور دیکھو دیکھو کون آیا۔۔ شیر آیا شیر آیا کے نعرے لگائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیا۔ بزرگ خاتون نے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کو دعائیں دیں اور شفقت کا اظہار کیا۔ حمزہ شہباز نے گوجرانوالہ میڈیکل کالج اینڈ ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز  کو ہسپتال پراجیکٹ بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ ٹیچنگ ہسپتال کی عمارت کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ 2015 میں شروع اس منصوبے میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔ حمزہ شہباز سے چین کے لاہور میں نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے  ملاقات کی۔ چین کے قونصل نے کہاکہ آپ کا عوام کی خدمت کا ویژن قابل تحسین ہے۔ زراعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مل کر کام کریں گے۔

مزیدخبریں