کراچی: سپر سٹور آتشزدگی پر قابو پا لیا گیا‘ عمارت کے 170 فلیٹس خالی 

Jun 03, 2022


کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے جیل چورنگی پر نجی ڈپارٹمنٹل سٹور میں گزشتہ روز لگنے والی آگ پر بالآخر کئی گھنٹوں بعد قابو پالیا گیا۔ کے ایم سی فائر بریگیڈ کے چیف افسر مبین احمد کے مطابق جیل چورنگی کے قریب کثیر المنزلہ عمارت میں ڈپارٹمنٹل سٹور کے تہہ خانے میں بھڑک اٹھنے والی آگ پر کارپوریشن‘ کراچی  بورڈ اور پاک بحریہ کی مشترکہ کوششوں کے بعد قابو پا لیا گیا ہے اور وہاں ابھی کولنگ کا عمل جاری ہے۔ کمشنر کراچی نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ویئر ہاؤس غیر قانونی طور پر بنایا گیا تھا، تمام فلیٹس کو خالی کرکے مکینوں کو نکالا جاچکا ہے، اطراف کی عمارتیں بھی خدشات کے باعث خالی کرالی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ایس بی سی اے اسحاق کھوڑو نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمارت کو عارضی طور پر مخدوش قرار دیدیا گیا ہے۔ آگ کی شدت بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے عمارت کے پلر اور سٹرکچر بری طرح سے متاثر ہوا ہے اور اس وقت عمارت رہنے کے قابل نہیں ہے۔ عمارت کے 170 فلیٹوں کو خالی کروا لیا گیا تاہم اردگرد کی قریبی عمارتوں کے مکنیوں کیلئے بھی دھویں کی وجہ سے اپنے اپارٹمنٹس میں وقت گزارنا مشکل ہو گیا۔ متعدد گھرانے دھوئیں سے بچنے کیلئے اپنے رشتہ داروں کے گھروں میں منتقل ہو گئے۔سپر سٹور آتشزدگی کا مقدمہ عمارت کے مالکان فراز‘ عدیل اور فہد کے خلاف تھانہ فراز آباد میں درج کر لیا گیا ہے۔

مزیدخبریں