لاہور+ اسلام آباد+ نارنگ+ قلعہ دیدار سنگھ+ صفدرآباد (نیوز رپورٹر+ چوہدری شاہد اجمل سے+ نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) ملک میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 365 میگاواٹ ہو گیا، ملک کے مختلف علاقوں میں 16 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جاری ہے، پاکستان کی 3 بڑی پاور کمپنیوں سمیت 16 پاور پلانٹس بند ہوگئے ہیں جس کے باعث ملک میں لوڈ شیڈنگ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ جبکہ نارنگ، قلعہ دیدار سنگھ، صفدر آباد، سیالکوٹ، جڑانوالہ، کسوال سمیت کئی شہروں میں گیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کر دیا شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 19ہزار 135میگاواٹ اور طلب 26ہزار 5سو میگاواٹ ہے۔ اسلام آباد ریجن میں بھی 8سے 10گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ پاور کمپنیوں حبکو، لال پیر اور پاک جین نے تیل کی عدم فراہمی پر اپنے پاور پلانٹس بند کر دیئے ہیں جبکہ تربیلا، جامشورو اور لاکھڑا پاور پلانٹ بھی بند ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاور پلانٹ تیل کی ترسیل میں بدانتظامی کی وجہ سے بند کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں نارنگ میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش بار بار ٹرپنگ اور کم وولٹیج سے روزمرہ کی زندگی متاثر ہو کررہ گئی امتحانات میں طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، بار بارٹرپنگ سے صارفین کا لاکھوں کا نقصان ہونے لگا، نارنگ میں بجلی کی 15 گھنٹے سے زائد بندش نے عوام کوشدید اذیت میں مبتلا کردیا۔ ادھر قلعہ دیدار سنگھ میں بجلی بندش کا دورانیہ 14 گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔ دریں اثنا صفدرآباد میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹے تک پہنچ چکا ہے شہری سراپا احتجاج بن گئے۔بار بار ٹرپنگ سے الیکٹرونکس اشیاء جلنے لگیں۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ احکام سے مطالبہ کیا ہے لوڈشیڈنگ جیسے عذاب سے نجات دلائی جائے۔