اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس کو سابق وفاقی وزیر حماد اظہر اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی گرفتاری سے روک دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی لانگ مارچ کیس میں حماد اظہرکی5 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔ عدالت نے حماد اظہر کو11 روز میں مقامی عدالت کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسد قیصر کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین کو آئندہ سماعت تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔ عدالت نے سماعت 2 ہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔ جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کامران بشارت مفتی کی عدالت نے بھی پی ٹی آئی مارچ کے دوران ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کیسز میں سابق وفاقی وزیر مراد سعید کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔ عدالت نے پانچ پانچ ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض تین مقدمات میں عبوری ضمانت منظوری کرتے ہوئے سماعت 20 جون تک کیلئے ملتوی کر دی