روسی فوج اہم یوکرائنی شہر سیویرو ڈونٹسٹک کے مشرقی حصے میں داخل‘ لڑائی جاری‘ 6 فوجی گرفتار: امریکہ کی روس پر مزید پابندیاں


کیف‘ ماسکو‘ واشنگٹن (اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) روسی افواج نے مشرقی یوکرائن کے اہم شہر کے ایک حصے پر قبضہ کر لیا۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرائن کی مسلح افواج کے جنرل سٹاف نے کہا کہ روسی افواج نے سیویرو ڈونٹسک شہر کے مشرقی حصے پر کنٹرول حاصل کر لیا۔ روس نے سیویرو ڈونٹسک کے تقریباً 80 فیصد حصے پر قبضہ کر لیا۔ شہر میں لڑائی جاری ہے۔ یوکرائن کے فوجیوں نے 6روسی فوجیوں کو سیویرو ڈونٹسک لڑائی کے دوران گرفتار  کر لیا ہے۔ روس نے یوکرائن کو جدید راکٹ سسٹم اور گولہ بارود فراہم کرنے کے امریکی فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور امریکا کے ساتھ براہ راست محاذ آرائی کے بڑھتے ہوئے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔ امریکا کے اس فیصلے پر کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے ردعمل میں کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ امریکا جان بوجھ کر اور تندہی سے آگ پر ایندھن ڈال رہا ہے۔ یوکرائن اور پولینڈ نے دفاعی، توانائی اور علاقائی ترقی کے شعبوں میں دو طرفہ معاہدوں کی دستاویزات پر دستخط کئے ہیں۔ دنیا بھر میں بڑھتے غذائی بحران پر فرانس اور جرمنی نے روس سے بڑا مطالبہ کردیا ہے۔ فرانسیسی صدر نے کہاکہ پیرس اور برلن نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے درخواست کی ہے کہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق یوکرائن کی بندرگاہ اودیسا کا محاصرہ ختم کیا جائے۔ امریکہ نے روس پر نئی پابندیاں عائد کر دیں۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق روس کی 17 شخصیات ‘ 16 ادارے‘ 7 بحری جہاز اور تین ہوائی جہاز شامل ہیں۔ صدر پیوٹن کے قریبی ساتھی سرگئی رولڈوکن بھی پابندیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ کرخاروف سمیت 5 اشرافیہ کے نام بھی لسٹ میں شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن