اسلام آباد(وقائع نگار)سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسلام آبادہائیکورٹ پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مختلف صوبوں کے تھانوں میں مقدمات درج کرکے پی ٹی آئی قیادت کو خوفزدہ کیاجارہاہے،مقدمات سیاسی ہیں ہراساں کرکے تحریک کو سبوتاژ کرناچاہتے ہیں، ہمارا مطالبہ شفاف الیکشن ہیں، ہم اقتدار میں نہیں آنا چاہتے صرف عوام کی رائے چاہتے ہیں، معاشی حالات دن بدن خراب ہورہے ہیں، ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری بے قابو ہوچکی ہے، شرائط سخت ہیں، ہم پر امن لوگ ہیں،جلوس میں خواتین اور بچے بھی تھے جن پر شیلنگ تشددخلاف قانون ہے، اس کی مذمت کرتے ہیں، ہمارے پاس کوئی فورس نہیں، ہم اس لیے جدوجہد کررہے ہیں کپ ملک اپنے فیصلے خود کرے، قائد اعظم کے پاکستان کی لڑائی ہے کسی سے ڈکٹیشن نہیں لیں گے،حالات خراب ہوں گے، ملک ہمارا ہے، عوام ہماری، فوج ہماری ادارے ہمارے ہیں،ہمارا جینا مرنا ملک کے عوام کے ساتھ ہے، عمران خان نے صرف تشویش کا اظہار کیا، ہم صرف شفاف اورفوری الیکشن چاہتے،نیامینڈیٹ ہو عوام جس کے ساتھ ہوں وہ آئے، مسائل کا حل بھی فریش مینڈیٹ ہے، عوام نے فیصلہ کرناہے کہ انہیں غلام رہنا ہے یا آذاد،ایک سوال کے جواب میں اسد قیصر نے کہاکہ آئندہ لائحہ عمل یہی ہے کہ عوام میں جانا ہے قانونی حق کیلئے عدالت بھی جائیں گے، حتمی فیصلہ عوام نے ہی کرناہے، قانونی اور عوامی جنگ لڑیں گے اور جیتیں گے،میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھرتیوں اور ایف نائن پارک میں قبضہ سے متعلق سوالات پر جواب دینے کی بجائے گفتگو چھوڑ کر واپس چلے گئے۔