وفاقی ٹیکس محتسب نے مرزا عبدالرحمن کو ملکی سطح جبکہ عمر مسعود الرحمن کو خیبرپختونخوا کیلئے اعزازی کوآرڈینیٹرز مقررکردیا 


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی ٹیکس محتسب نے مرزا عبدالرحمن کو ملکی سطح جبکہ عمر مسعود الرحمن کو خیبرپختونخوا کیلئے اپنا اعزازی کوآرڈینیٹرز مقررکردیا ۔ وفاقی ٹیکس محتسب کی جانب سے دونوں رہنمائوں کی نامزدگی کے الگ الگ اعلامیے بھی جاری کردئیے گئے ۔ مرزا عبدالرحمن اور عمر مسعود الرحمن کی بطور اعزازی کوآرڈینیٹرز تقرری سے پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی خاص کر چیمبرز، ایسوسی ایشن، ٹریڈ باڈیزو دیگر کاروباری تنظیموں کے ٹیکس سے متعلق مسائل کے حل میں مدد ملے گی ۔ وفاقی ٹیکس محتسب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اعزازی کوآرڈینیٹرز مرزا عبدالرحمن اور عمر مسعود الرحمن پاکستان بھر کے تاجروں، صنعتکاروں، چیمبرز، ایسوسی ایشنز اور دیگر تجارتی تنظیموں کو ان کے ٹیکس سے متعلق مسائل میں سہولت فراہم کریں گے۔کوآرڈینیٹرکی ذمہ داری میں چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ٹریڈ ایسوسی ایشنز، مارکیٹ ایسوسی ایشن، جنرل ٹریڈ باڈیز اور دیگر کاروباری متعلقہ تنظیموں کے ساتھ رابطہ شامل ہوگا۔ وہ کاروباری ٹیکس دہندگان کے ساتھ انفرادی یا اجتماعی طور پر رابطہ قائم کریں گے اور ٹیکس دہندگان کے مسائل، تنازعات اور خدشات کو ایف ٹی او میں متعلقہ مشیروں کے سامنے پیش کریں گے اور فوری طور پر ازالے کے لیے فعال طور پر کام کریں گے۔ دونوں کوآرڈنیٹرز ٹیکس مشینری کی کارکردگی اور سالمیت کو بہتر بنانے کے طریقے اور ذرائع تجویز کریں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق، رابطہ کار موجودہ ٹیکس قوانین، طریقہ کار اور پالیسیوں میں بہتری کے لیے سفارشات جمع کرنے کے لیے نجی شعبے اور ایف ٹی او دفاتر کے درمیان پل کا کام کریں گے۔ وہ کاروباری برادری، اسٹیک ہولڈرز اور اس طرح کے دیگر اداروں کے ساتھ FTO دفاتر کے تعلقات بھی استوار کریں گے۔پاکستان بھر کی تاجر برادری نے وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ اس اقدام سے تاجر برادری کے ٹیکس کے مسائل جلد حل ہوں گے۔ انہوں نے اسی طرح کے دیگر اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ کاروباری برادری کی سہولت اور سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لیے ایسے مثبت اقدامات کریں۔ تاجروں کی بڑی تعداد نے مرزا عبدالرحمن اور عمر مسعود رحمان کو ان کی تعیناتی پر مبارکباد دی۔

ای پیپر دی نیشن