بچوں،طلباء میں غذائیت کی کمی، سٹنٹنگ کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں، رانا تنویر 


اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان خاص طور پر بچوں اور طلبا میں غذائیت کی کمی اور سٹنٹنگ کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے انہوں نے یہ بات ورلڈ فوڈ پروگرام کے کنٹری ڈائریکٹر کرس کائے کے ساتھ ملاقات میںکہی۔ ملاقات میں وزارت ایف ای اینڈ پی ٹی کے سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹری نے شرکت کی۔ قبل ازیں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نیکو ورلڈ فوڈ پروگرام کے کنٹری ڈائریکٹر کرس کائے کا آمد پر استقبال کیا ۔رانا تنویر نے ڈبلیو ایف پی کی جانب سے پاکستان میں کیے جانے والے کام کو سراہا۔ انہوں نے خواتین اور بچوں میں غذائیت سے متعلق متعدد سماجی مسائل کو حل کرنے میں پاکستان کو فعال بنانے میں ڈبلیو ایف پی کی معاونت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان خاص طور پر بچوں اور طلبا میں غذائیت کی کمی اور سٹنٹنگ کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔رانا تنویر نے سکول سے باہر بچوں کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ تقریبا 22 ملین بچے سکول سے باہر ہیں جن کی اصلاح حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار داخلہ لینے والے طلبا کو برقرار رکھنا بھی ایک بڑا چیلنج ہے جس پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ طلباکی مجموعی سیکھنے کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے خصوصی پروگرام متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر کو سکول میلز پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔  

ای پیپر دی نیشن