سندھ میں2 سال سے پولیو کا کوئی کیس نہیں آیا، ڈاکٹر عذرا پیچوہو 


کراچی (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادرپٹیل نے صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو سے کراچی میں ان کے آفس میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت سندھ قاسم سراج سومرو، سیکریٹری صحت سندھ ذوالفقار شاہ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر جمن باہوٹو اور دیگر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے وفاقی وزیر عبدالقادرپٹیل کو سندھ حکومت کی طرف سے صوبے میں دی جانے والی سہولیات اور درپیش چئلینجز پر آگاہی دی۔عبدالقادرپٹیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی طرف سے طبی شعبے میں کئے جانے والے سنجیدہ اقدامات کی وجہ سے صحت کی سہولیات بہتر ہوئی ہیں۔ وفاق کی طرف سے سندھ میں صحت کے شعبے میں تعاون اور ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔گزشتہ حکومت میں پی ایم سی کا قانون جس طرح بنایا گیا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ صرف چند لوگوں کی مافیا کو فائدہ دینے کے لئے کیا گیا۔پی ایم سی میں تمام صوبوں کی نمائندگی شامل کرنا ضروری ہے، اس ضمن میں قانون سازی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کریں گے۔میڈیکل کالجز کے ایڈمیشن اور انٹری ٹیسٹ صوبائی معاملہ ہونا چاہیے کیوں کہ تمام صوبوں کا اپنا الگ تعلیمی نظام ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے آگاہی دی کہ پولیو کے خاتمی کے سلسلے میں دیگر صوبوں کے ساتھ مشاورت بھی شروع کی گئی ہے۔سندھ میں دو سال سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، صوبائی انٹری پوائینٹس پر بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلانے کے نظام کو بہتر کیا ہے۔اس موقع پر کراچی میں جناح ہسپتال اور این آئی سی وی ڈی اور دیگر معاملات پر بھی بات کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن