کراچی (کامرس رپورٹر)وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشنز کے تحت سندھ کے 6 اضلاع کیلئے 5 ارب روپے کے 3 منصوبوں کا اجرا کردیا گیا، جو وزارت آئی ٹی کی سندھ کے عوام کو ڈیجیٹل دنیا سے منسلک کرنے کے عزم کا اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس سلسلے میں معاہدے پر دستخط کی تقریب جمعرات کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی جس میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشنز سید امین الحق، چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت، سیکریٹری آئی ٹی و چیئرمین یو ایس ایف بورڈ محسن مشتاق، مخلتف ممالک کے قونصل جنرلز سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔ معاہدے پر دستخط وزارت آئی ٹی کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو حارث محمود چوہدری اور پی ٹی سی ایل کے صدر و گروپ چیف ایگزیکٹیو حاتم بامعترف نے کیئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ہمارے ملک کے کچھ حصوں میں تکنیکی ترقی اور معاشی حالات انتہائی نازک مرحلے پر تھے جس نے پاکستان کے لاکھوں لوگوں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کیا تھا۔ لیکن ان تمام چیلنجز پر قابو پانے اور ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے تحت وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشنز نے نمایاں کردار ادا کیا ہے جو کہ یقینا سماجی و اقتصادی ترقی میں ان کے اہم ترین کردارکی عکاسی کرتا ہے۔ انھوں نے اس موقع پر سندھ کے اضلاع میں تیز ترین کنکٹیویٹی فراہمی کیلئے منصوبوں کے اجرا پر وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بطور حکومتی اتحادی ہمیں امید ہے کہ ہم حلیف کے طور پر سندھ کے عوام کی خدمت بہترانداز میں کرسکیں گے۔اپنے خطاب میں وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا کہ ان 6 اضلاع کے 207 ٹانز و یونین کونسلوں میں مجموعی طور پر 2 ہزار 192 کلومیٹرطویل آپٹیکل فائبر کیبل بچھائی جارہی ہے۔ 5 ارب روپے لاگت کے ان تینوں منصوبوں کی تکمیل 16 ماہ میں کرلی جائے گی جس سے درجنوں اسپتال، تعلیمی ادارے، بینکس اور سرکاری و نجی اداروں کو تیز ترین کنکٹیویٹی میسر آئے گی اور 42 لاکھ سے زائد مقامی افراد ان بہترین سہولیات سے استفادہ کرسکیں گے۔سید امین الحق نے بتایا کہ ان منصوبوں کے ساتھ وزارت آئی ٹی کے تحت 2018 سے جون 2022 تک سندھ کے مختلف اضلاع کیلئے منصوبوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے جس پر مجموعی طور پر 14 ارب 43 کروڑ روپے خرچ کیئے جارہے ہیں ان میں سے بیشتر منصوبے تکمیل کے آخری مرحلے میں ہیں۔ وفاقی وزیر کے مطابق منصوبوں کی تکمیل سے صوبہ سندھ کے لوگوں کو جہاں بہترین اور تیز رفتار کنکٹیویٹی میسر آئے گی وہیں صوبے میں سماجی، معاشی اور تعلیمی سطح پر انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی جو نہ صرف انفرادی و اجتماعی سطح پر لوگوں کی معاشی زندگی کو بہتر کرے گی بلکہ صوبے اور ملک کی معیشت کے استحکام کا سبب بھی بنے گا۔تقریب سے خطاب میں پی ٹی سی ایل کے گروپ چیف ایگزیکٹیو حاتم بامعترف نے کہا کہ پی ٹی سی ایل قومی ادارہ کے طور پر پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور استحکام کیلئے ذمہ داریاں ادا کرتا رہے گا ۔قبل ازیں استقبالیہ خطاب میں وزارت آئی ٹی کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر حارث محمود چوہدری نے کہا کہ ملک کے چاروں صوبوں میں بلا امتیاز تھری و فورجی سروسز، براڈ بینڈ سہولیات اور ااپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے درجنوں منصوبوں پر کام کررہی ہے ہمارا مقصد پسماندہ اور دور دراز کے علاقوں میں بہترین ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کے ذریعے انھیں ڈیجیٹل دنیا سے منسلک کرنا اور شہری و دیہی تفریق کا خاتمہ کرنا ہے۔