کراچی ( کا مرس رپورٹر )یونائیٹڈ بزنس گروپ(یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ،سابق صدر ایف پی سی سی آئی ایس ایم منیر نے یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ کی حیثیت سے استعفیٰ دینے کاارادہ ترک کردیا۔یو بی جی ذرائع کے مطابق یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سینئررہنماﺅں نے جمعرات کو ایس ایم منیر سے ملاقات میں انہیں نہ صرف یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ کی حیثیت سے استعفیٰ دینے اور تجارتی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے فیصلے سے روکا بلکہ انہیں کہا کہ وہ بدستور یونائٹیڈ بزنس گروپ کے بانی رہیں اور گروپ کی سرپرستی جاری رکھیں۔معلوم ہوا ہے کہ ایس ایم منیر اپنے ڈیڑھ ماہ کے دورہ کینیڈا کے دوران یونائٹیڈ بزنس گروپ کی سیاسی سرگرمیوں سے دور رہیں گے۔اس حوالے سے ایس ایم منیر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں نے استعفیٰ تیار کرلیا تھا لیکن مجھ سے جولوگ اوردوست محبت کرتے ہیں انہوں نے مجھے استعفیٰ دینے سے روکا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں یو بی جی کے بانی کی حیثیت سے گروپ سے اپنی وابستگی برقرار رکھوں گا ۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ میں نے ہمیشہ بزنس کمیونٹی کی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے اور میرے پاس جولوگ بھی آتے ہیں میں ان میں کوئی تفریق نہیں کرتا ۔انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ہمارے گروپ کی نئی اورنوجوان قیادت دلجمعی اور دلچسپی کے ساتھ کام کرے اور بزنسکمیونٹی کے نمائندوں سے مسلسل روابط رکھے تاکہ ان کے مسائل سے آگاہ ہوسکے۔
ایس ایم منیر