سعودی عرب :26 سالوں میں 164 ممالک کو 94 ارب ڈالر امداد 

ریاض (اے پی پی)شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ 26 سالوں میں 164 ممالک کو 94 ارب 600 ملین ڈالر سے زیادہ کی امداد فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان مرکز نے غذائی تحفظ ، تعلیم، صحت، خوراک، پانی، ماحولیات، لاجسٹک خدمات، پناہ گاہوں کی فراہمی و قیام سمیت مختلف اہم شعبوں میں امدادی کام کیے۔175 عالمی اداروں کی شراکت سے امدادی منصوبے شروع کیے اور سب سے زیادہ امدادی کام یمن میں کیا ۔ دنیا بھر میں خواتین کی فلاح و بہبود کے 815 منصوبوں پر 533 ملین ڈالر لاگت آئی ، جن سے 113 ملین سے زائد خواتین مستفید ہوئیں ۔ تعلیم و تربیت کے شعبوں میں 200 سے زیادہ پروگراموں سے 22 ملکوں میں4لاکھ 83 ہزار افراد کو فائدہ پہنچا ۔سعودی عرب نے عالمی سطح پرکروناوائرس کی وبا کے انسداد کے لیے 850 ملین ڈالر سے زیادہ خرچ کیے، 34 سے زیادہ ممالک کو کرونا سے بچاﺅ اور علاج کے حوالے سے امداد فراہم کی۔انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان مرکز 2015 میں قائم کیا گیا اور اب تک 84 ملکوں میں تقریبا 2 ہزارمنصوبے شروع کیے جا چکے ہیں۔ جن پر 5 ارب 767 ملین ڈالر سے زیادہ لاگت آئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن