سٹاک مارکیٹ میں تیزی: 100انڈیکس 41300پوائنٹس کی سطح پر بند

Jun 03, 2023

 کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز معمولی تیزی دیکھی گئی اور انڈیکس 41200 پوائنٹس سے بڑھ کر41300پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔کاروباری تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں 17ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 49.32فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ روز کاروبار کا آغاز تیزی کیساتھ ہوا اور انڈیکس 41404 پوائنٹس کی بلند سطح پر جا پہنچا تھا تاہم سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال اور بجٹ کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیوں کے سبب پرافٹ ٹیکنگ کے باعث فروخت کے دبائو سے مارکیٹ تنزلی کا شکار ہوئی اور انڈیکس41300پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز100انڈیکس میں 86.22پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 41266.77 پوائنٹس سے بڑھ کر 41352.99پوائنٹس ہو گیا اسی طرح5.91پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس 14658.23 پوائنٹس سے بڑھ کر 14664.14پوائنٹس پر بند ہواجبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 27622.73پوائنٹس سے بڑھ کر 27699.53 پوائنٹس پر جا پہنچا۔کاروباری تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں17ارب 40کروڑ 22 لاکھ 95 ہزار 712 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 62کھرب58ارب83کروڑ 17 لاکھ 81 ہزار 570 روپے سے بڑھ کر 62 کھرب 76 ارب 23 کروڑ 40 لاکھ 77 ہزار 282روپے ہو گیا۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز3ارب روپے مالیت کے 9کروڑ 95 لاکھ45ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ جمعرات کو 2ارب روپے مالیت کے9کروڑ99لاکھ50ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔

مزیدخبریں