لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی ایف ایف کی قائم کردہ سکروٹنی ایڈوائزری کمیٹی کا پہلا اجلاس فیفا ہائوس لاہور میں ہوا۔نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک،دیگر ارکان شاہد نیاز کھوکھر اور سعود ہاشمی بھی شریک ہوئے۔سکروٹنی ایڈوائزی کمیٹی میں شامل اختر محی الدین،محمد صدیقی، عثمان عثمانی،محمد عارف،رضوان حمید، عرفان خان نیازی،ذوالفقار شاہ اور امتیاز احمد موجود تھے۔ ہارون ملک نے کہا کہ سکروٹنی کا شفاف عمل مکمل کرنے کیلئے ایڈوائزری کمیٹی کا قیام ایک اہم پیش رفت ہے،اس کو فٹبال برادری اور فیڈریشن میں ایک رابطہ پل کا کردار ادا کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ سعود ہاشمی نے میٹنگ کے شرکاء کو ڈسٹرکٹ چیمپئن شپ اور سکروٹنی کے طریقہ کار پر بریفنگ دی، اس عمل میں میچز کی اہمیت اور فزیکل سکروٹنی کے قواعد و ضوابط سے آگاہ کیا۔ کمیٹی ممبرز سکروٹنی کی کارروائی کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی سفارشات اور تجاویز پی ایف ایف کو جمع کروائیں گے، کمیٹی ارکان نے بھرپور اعتماد کرنے پر پی ایف ایف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں سے انصاف کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
سکروٹنی کے شفاف عمل کیلئے ایڈوائزری کمیٹی کا قیام اہم پیش رفت:ہارون ملک
Jun 03, 2023