آئی سی سی کی پی سی بی، بھارتی کرکٹ بورڈ کے درمیان ثالثی کی پیشکش

Jun 03, 2023

لاہور (سپورٹس رپورٹر ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل  کے دورے پر آئے ہوئے وفد ، جس میں چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جیف ایلررڈائس شامل تھے نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کا اشارہ دیا اور پاکستان سے آئندہ ورلڈ کپ میں ان کی شرکت کے حوالے سے یقین دہانی طلب کی۔ ذرائع کے مطابق بارکلے اور ایلرڈائس اکتوبر-نومبر میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی شمولیت کے حوالے سے پی سی بی سے یقین دہانی حاصل کرنے کیلئے لاہور کے دورے پر آئے تھے۔آئی سی سی چاہتا ہے کہ پی سی بی ورلڈ کپ میں اپنے میچوں کیلئے ہائبرڈ ماڈل کے نفاذ پر اصرار نہ کرے۔ پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ اگر بھارتی ٹیم ایشیا کپ کیلئے پاکستان کا دورہ نہیں کرتی ہے تو پاکستان کرکٹ ٹیم بھارت جانے سے انکار کر دے گی۔بی سی سی آئی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ایشیا کپ کیلئے پی سی بی کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل کو قبول کر لیا گیا تو پی سی بی آئی سی سی سے اسی ماڈل کو آئی سی سی ورلڈ کپ کیلئے لاگو کرنے کی درخواست کر سکتا ہے۔ نجم سیٹھی نے ذکر کیا کہ اگر پاکستانی حکومت نے ٹیم کے دورہ بھارت کی منظوری نہیں دی تو پی سی بی آئی سی سی سے میچز غیر جانبدار مقام پر کرانے کی درخواست کریگا۔اس طرح کی صورتحال آئی سی سی اور بی سی سی آئی دونوں کیلئے ایک اہم دھچکا ہو گی کیونکہ بھارت میں ہونے والا پاکستان بھارت میچ کھچا کھچ بھرے سٹیڈیم کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے اور اقتصادی طور پر بھارتی بورڈ اور آئی سی سی کیلئے یکساں طور پر کامیاب ہوتا ہے۔ اس کے برعکس کسی بھی دوسرے ملک میں میچ کا انعقاد زیادہ ہجوم کو اپنی طرف متوجہ نہیں کریگا، یہی بنیادی وجہ ہے کہ بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ ایشیا کپ کیلئے ہائبرڈ ماڈل کو قبول کرنے میں ہچکچا رہے تھے۔پی سی بی کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ اگر ایشیا کپ کو پاکستان سے کسی غیر جانبدار ملک میں منتقل کیا گیا تو پاکستانی ٹیم شرکت نہیں کریگی۔ تاہم ایشین کرکٹ کونسل کے ہائبرڈ ماڈل کی توثیق کے باوجود، بی سی سی آئی اب بھی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتا ہے، جس کے نتیجے میں ایشیا کپ پاکستان سے چھین لیا جا سکتا ہے۔ 

مزیدخبریں