روسی سرحدی شہر پر میزائل حملہ، 3زخمی، روس اناج معاہدے میں رکاوٹ ڈال رہا: یوکرائن

Jun 03, 2023

کیف (نوائے وقت رپورٹ) یوکرائن نے روس کے سرحدی شہر بیلگوروڈ پر میزائل حملہ کردیا جس کے نتیجے میں تین روسی شہری زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرائن نے شہر بلیگوروڈ کے مرکز اور مضافات میں میزائل داغے ہیں۔ حملے میں روسی انتظامی اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔ کریملن مخالف گروپ نے روسی فوجی سازو سامان کو تباہ کرنے کی ویڈیو جاری کرکے روسی سرزمین پر حملہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دوسری طرف روس نے مشرقی یوکرائن اور دارالحکومت کیف پر میزائل داغ دیئے۔ حملے میں تین افراد ہلاک اور 16زخمی ہوگئے۔ حملے میں کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ یوکرائنی حکام کے مطابق روسی افواج نے ڈیسیانسکی اور دنیپرو وکسکی کے علاقوں میں کارروائی کی۔ کیف اور مشرقی یوکرین کے بیشتر علاقوں میں کئی گھنٹے تک فضائی بمباری جاری رہی۔  روسی افواج نے دراندازی پر تیس یوکرائنی جنگجوؤں کو ہلاک کردیا۔ یوکرائنی حکام نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ تمام بندرگاہوں پر اناج سے بھرے جہازوں کو رجسٹریشن سے روک رہا ہے۔ یوکرائن کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن میں رکاوٹ سے بحیرہ اسود میں اجناس سے بھرے جہازوں کا رش لگ گیا ہے۔ روسی حکام یوکرائن کی پیوڈینی بندرگاہ تک رجسٹریشن کو محدود کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ترجمان نے یوکرائنی الزامات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ روس نے یوکرائنی برآمدات کو اپنی خود پر لگی پابندیوں کے خاتمے سے جوڑ دیں۔ روسی اناج اور کھاد کی برآمدات میں رکاوٹیں ختم ہونے تک یوکرین کی برآمدات کے معاہدے پر عمل نہیں ہوگا۔ ترجمان اقوام متحدہ کے مطابق اپریل سے مئی تک یوکرینی جہازوں کی روانگی ’’مسلسل سست روی‘‘ کا شکار رہی۔ اجناس سے بھرے کئی جہاز فائنل معائنے کیلئے 3ماہ سے منتظر ہیں۔

مزیدخبریں