ملک نااہل حکمرانوں کی وجہ سے قرضوں کی دلدل میں پھنسا، سراج الحق

اسلام آباد (نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک نااہل حکمرانوں کی وجہ سے قرضوں کی دلدل میں پھنسا، یہاں وسائل اور مسائل کا ادراک نہیں، دنیا نے ترقی کی اور مریخ پر قدم رکھا، ہمارے ہاں حکمرانوں نے بازاروں، سڑکوں پر آٹے کی ٹرک کھڑے کیے اور لنگرخانے کھولے، دنیا غربت کا خاتمہ، ہمارے سیاست دان ایک دوسرے کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ حالات کی وجہ سے ہر پاکستانی ڈپریشن اور ٹینشن کا شکار ہے، ملک غریب نہیں اسے حکمرانوں نے غریب بنایا، ایک ایک لٹیرے کا احتساب ہونا چاہیے۔ پاناما لیکس اور پنڈوراپیپرز میں ملوث تمام افراد کو کٹہرے میں لایا جائے۔ پیپلزپارٹی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی نے سٹیٹس کو برقرار رکھا، جماعت اسلامی اسے توڑنا چاہتی ہے۔ آخرکب تک قومی معیشت قرضوں کے سہارے چلے گی، ہمیں ملک میں بین الاقوامی منڈی کو فروغ دینا ہو گا۔ بطور سابق وزیرخزانہ خیبرپختونخوا چھ بجٹ پیش کیے، جب صوبے کا وزیرخزانہ بنا تو اس پر 71ارب کا قرضہ تھا، صوبہ کو قرض فری بنایا۔ تجربہ کی بنیاد پر پوری ذمہ داری سے کہتا ہوں پاکستان کو بیرونی قرضوں کی ضرورت نہیں، وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن بنانا ہوگی، کرپشن ، سودی معیشت کا خاتمہ کرناہوگا ، گورننس میں بہتری آجائے تو ملک انتہائی قلیل مدت میں ترقی کے راستے پر گامزن ہوجائے گا۔ یہ کام صرف جماعت اسلامی کرسکتی ہے۔ وہ اقرا یونیورسٹی اسلام آباد میں طلبہ و طالبات سے خطاب کررہے تھے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے کامیاب وزیرخزانہ کے عنوان سے ان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا تھا۔ امیر جماعت کی اپیل پر نماز جمعہ کے بعد ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی قید سے رہائی کے لیے ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں مظاہرے ہوئے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان اور عوام کی کثیر تعداد نے مظاہروں میں شرکت کی۔ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے مساجد میں دعائیں بھی کی گئیں۔

ای پیپر دی نیشن