اسلام آباد(نا مہ نگار)عازمین حج کو مدینہ منورہ لانے کی کامیاب تکمیل کے بعد عازمین حج کو براہ راست مکہ مکرمہ پہنچانے کیلئے حج فلائٹ آپریشن 5 جون سے شروع ہوگا۔ مکہ مکرمہ کے لئے پروازوں کا آپریشن پاکستان کے 10 شہروں سے شروع ہوگا، آخری پرواز 21 جون کو مکہ مکرمہ کے لئے روانہ ہوگی۔رحیم یار خان سے افتتاحی پرواز6 جون کو جدہ کے لئے روانہ ہوگی، اس کے بعد 7 جون کو سکھر سے ایک اور پرواز روانہ ہوگی تاہم بعد از حج فلائٹ آپریشن 4 جولائی سے شروع ہوگا۔حجاج کرام اپنا حج مکمل کرنے کے بعد مدینہ منورہ سے براہ راست پاکستان واپس آنے سے پہلے اپنا 8روزہ قیام پورا کرنے کے لئے مدینہ منورہ جائیں گے۔ 137 سے زائد ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس کی ایک متحرک ٹیم عازمین کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے 24 گھنٹے موجود رہے گی۔