لاہور (خصوصی نامہ نگار) عالمگیری بادشاہی مسجد لاہور میں جمعۃ المبارک کے عظیم اجتماع سے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلا ل کمیٹی پاکستان /خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰؐ ساری کائنات انسانی اور سارے جہانوں کیلئے رحمت بن کر تشریف لائے۔ سیرت رحمۃ للعالمینؐ ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور آپؐ کی سیرت پر عمل پیرا ہوکر ہی کامیابی مل سکتی ہے۔ اسلام کا پیغام امن، اتحاد اور یکجہتی ہے۔ ہم اسلام کے پیغام پر عمل کر کے ناقابل تسخیر قوت بن سکتے ہیں۔ قومی یکجہتی امن، اتحاد، اخوت، محبت اور بھائی چارے سے ہی پاکستان خوشحال ہوگا۔ وطن عزیز پاکستان کی سلامتی و تحفظ کیلئے پوری قوم متحد ہے اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ عالم اسلام اور پوری امت مسلمہ کی دعائیں پاکستان کے ساتھ ہیں۔ پاکستان عالم اسلام کا قلعہ ہے۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ علماء کرام منبر و محراب کے ذریعے امن، اتحاد و وحدت اور قومی یکجہتی کیلئے اپنا عظیم کردار ادا کریں، آج وطن عزیز پاکستان جن گھمبیر حالات و مشکلات کا شکار ہے آج ملک کو امن اتحاد اور قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ افواج پاکستان کے شہداء ہمارا فخر ہیں، اللہ تعالیٰ شہدائے پاکستان کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پاکستان کو تاقیامت قائم و دائم رکھے۔