دہشت گردی: 2023ءکے پہلے 5 ماہ 224 حملے‘ مئی میں معمولی کمی آئی

Jun 03, 2023


لاہور (نیٹ نیوز) پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلیکٹ اینڈ سکیورٹی سٹڈیز کی ایک تازہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مئی میں ملک میں عسکریت پسندوں کے حملوں اور ان کے نتیجے میں انسانی ضیاع کی تعداد میں معمولی کمی دیکھی گئی۔ رواں سال کے ابتدائی پانچ ماہ میں تشدد کی سطح گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں بہت زیادہ تھی۔ ڈیٹابیس نے مئی 2023 میں 40 عسکریت پسند حملے رپورٹ کیے جن میں 48 افراد جاں بحق اور 102 افراد زخمی ہوئے، جس میں سے نصف اموات (24) اور نصف سے زیادہ زخمیوں کا تعلق سکیورٹی فورسز سے تھا جبکہ بقیہ عام شہری تھے۔ سکیورٹی فورسز نے رواں ماہ کے دوران بھی عسکریت پسندوں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھیں اور کم از کم 64 عسکریت پسندوں کو ہلاک اور 39 کو گرفتار کیا۔ 2022 کے ابتدائی 5 ماہ میں عسکریت پسندوں کے 126 حملے ریکارڈ کیے گئے جن میں 257 افراد جاں بحق اور 461 زخمی ہوئے۔اس کے برعکس 2023 کے ابتدائی پانچ ماہ میں 224 حملے ریکارڈ کیے گئے جن میں 357 افراد جاں بحق اور 615 زخمی ہوئے۔ اس کا مطلب ہے کہ 2023 کے ابتدائی پانچ ماہ میں 2022 کے اسی عرصے کے مقابلے میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں 77 فیصد، اموات میں 39 فیصد اور زخمیوں میں 33 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
دہشت گردی

مزیدخبریں