لاہور ( نوائے وقت رپورٹ) سینئر سیاستدان جہانگیر ترین نے اپنے سیاسی کھلاڑیوں کی سنچری مکمل کرلی۔ 100 سے زائد موجودہ اور سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے جہانگیر ترین کی ٹیم میں شامل ہونے کی حامی بھر لی۔ ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کا آئندہ ہفتے اپنی پارٹی کے قیام کا اعلان متوقع ہے۔ جہانگیر ترین پارٹی کے قیام کا اعلان پریس کانفرنس میں کریں گے۔ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی سنچری مکمل ہونے پر پارٹی کے قیام کا اعلان کیا جائے گا۔ جہانگیر ترین نے لاہور اور اسلام آباد میں اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی جہانگیر ترین سے جلد ملاقات کا بھی امکان ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ پنجاب، خیبر پی کے اور سندھ سے پی ٹی آئی کی سابقہ قیادت نے بھی جہانگیر ترین کو حمایت کا یقین دلا دیا ہے۔ فواد چودھری بھی جہانگیر ترین سے رابطے میں ہیں۔ جہانگیر ترین سے وزیراعظم کے مشیر ملک نعمان لنگڑیال نے ملاقات کی۔ مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں نئی پارٹی کے قیام اور نام سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ سابق صوبائی وزیر اوقات و مذہبی امور سعیدالحسن نے بھی جہانگیر ترین سے ملاقات کی۔ سید سعید الحسن نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جہانگیر ترین نے لاہور اور اسلام آباد میں 100 سے زائد سیاسی رہنماﺅں سے ملاقاتیں کی ہیں جن میں پی ٹی آئی چھوڑنے والے رہنما بھی شامل ہیں۔
جہانگیر ترین رابطے
نعمان لنگڑیال، سعیدالحسن کی ملاقاتیں، جہانگیر ترین سے سابق ارکان اسمبلی کے رابطوں کی سنچری
Jun 03, 2023