اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ہدایت کی کہ آئندہ بجٹ میں پی ایس ڈی پی میں نوجوانوں کی ترقی کیلئے خصوصی طور پر رقم مختص کی جائے، نوجوانوں کو اعلی تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور باوقار روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات شامل کئے جائیں، نوجوانوں کی اعلیٰ تعلیم کیلئے پاکستان اینڈومنٹ فنڈ قائم کیا جائے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق یہ ہدایات وزیراعظم نے اپنی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے بجٹ تجاویز پر منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں دیں۔ اجلاس میں وفاقی وزراءاسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، رانا ثناءاللہ، رانا تنویر حسین، مشیر وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، معاونین خصوصی ملک احمد خان، عطاءاللہ تارڑ، جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ بجٹ میں پی ایس ڈی پی کے تحت نوجوانوں کی ترقی کیلئے خصوصی طور پر رقم مختص کی جائے۔ آئندہ بجٹ میں نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور باوقار روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات شامل کئے جائیں۔ نوجوانوں کی اعلی تعلیم کیلئے پاکستان اینڈومنٹ فنڈ قائم کیا جائے۔ بجٹ میں باصلاحیت اور حسن کارکردگی کے حامل طلباءاور طالبات کو آئی ٹی کے ہنر سے لیس کرنے کیلئے مفت لیپ ٹاپس کا پروگرام شامل کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اینڈومنٹ فنڈ سے نوجوانوں کو اعلی و پیشہ ورانہ تعلیم اور آئی ٹی میں مہارت کی تربیت دی جائے گی۔ وظائف و تعلیم کیلئے شفافیت اور میرٹ کے عنصر کو کلیدی اہمیت دی جائے۔ بجٹ میں آئی ٹی کے فروغ کیلئے منصوبے شامل کئے جائیں۔ کسان پیکیج کے تحت شروع کئے گئے منصوبے جاری رکھے جائیں۔ بجٹ میں قابل تجدید توانائی کے منصوبے شامل کئے جائیں۔ پن بجلی کے منصوبوں اور توانائی کے شعبے کی جدت کیلئے بجٹ میں خصوصی رقوم مختص کی جائے۔ ایسے منصوبے جو سست روی کا شکار ہو کر سالہا سال سے پی ایس ڈی پی میں شامل ہیں اور اپنی اہمیت کھو چکے ہیں انہیں اس کے دائرہ کار سے نکالا جائے۔ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کو شامل کرتے وقت صوبوں، متعلقہ شعبے کے سٹیک ہولڈرز اور اتحادی جماعتوں کو مکمل اعتماد میں لے کر انکی تجاویز کو شامل کیا جائے۔ علاوہ ازیں اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال میں وزیرِ اعظم کے کسان پیکیج اور با اختیار نوجوان پروگرام کے ثمرات عوام تک پہنچائے گئے۔ اس حوالے سے 60 ہزار نوجوانوں کی اس وقت مختلف سرکاری ترقیاتی منصوبوں میں انٹرنشپ فراہم کی جاری ہے جبکہ گندم کی گزشتہ دس سال کی نسبت ریکارڈ پیداوار حاصل ہوئی۔ وزیرِ اعظم نے بجٹ 24 ۔ 2023 کے ترقیاتی منصوبوں میں ملکی درآمدات کا متبادل فراہم کرنے، برآمدات بڑھانے اور مختلف شعبوں کی جدت کے منصوبوں کو ترجیح دینے کی واضح ہدایات جاری کیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے۔ پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے وزیرِ اعظم کو ترکیہ روانگی کے وقت رخصت کیا۔ وزیرِ اعظم ترک صدر رجب طیب اردگان کی دعوت پر ان کے حالیہ صدارتی الیکشن میں دوبارہ انتخاب پر حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے ترکیہ کا دورہ کر رہے ہیں۔
نوجوانوں کی ترقی کیلئے بجٹ میں خصوصی رقم مختص کی جائے ، وزیراعظم
Jun 03, 2023