بیجنگ (اے پی پی) چین نے کہا کہ پاکستان اپنی معیشت کو بہتر بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور وہ ہمیشہ اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے سربراہ ہمسایہ ممالک ڈویژن اور سابق ترجمان ژاﺅ لی جیان نے چین کے خارجہ امور کے ماہر محمد مہدی کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ علاقائی اور بین الاقوامی چیلنجز کے مقابلے میں پاکستان تنہا نہیں ہے کیونکہ چین پاکستان کی ترقی کے لیے ہمیشہ اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ ملاقات کے دوران محمد مہدی نے ون چائنا پالیسی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ یہ چین کا آئینی حق ہے اور وہ اس بارے میں چین کے واضح موقف کی تائید کرتا ہے۔ دریں اثنا چینی پارلیمنٹیرینز کی جانب سے محمد مہدی کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے دوران پاک ۔ چین تعلقات کو مستحکم کرنے، باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی امن، ترقی، پاک۔ چین تعاون کو فروغ دینے اور سی پیک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایک اور ملاقات میں پیکنگ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ژانگ جمی نے ملاقات میں کہا کہ پیکنگ یونیورسٹی پاک۔ چین تعلقات اور سی پیک کے لیے پاکستان میں قائم تھنک ٹینکس کے ساتھ کام کرنے، ثقافتی اور عوامی سطح پر وفود کے تبادلوں کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد مل سکے۔